لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) صوبائی دارالحکومت میں موسم کی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث لاہور چڑیا گھر کے جانوروں اور پرندوں کے بیمار ہونے کاخدشہ بڑھ گیا۔ ادھر چڑیا گھر انتظامیہ نے بھی اقدامات شروع کردئیے ہیں اور فوری طور پر پرندوں اور جانوروں کی خوراک میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ پنجروں میں بچھانے کیلئے ’’پرالی‘‘ کا بندوبست بھی کر لیا گیا ہے جبکہ سانپوں اور پرندوں کیلئے ہیٹنگ بلب اور ہیٹرز بھی نصب کئے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب معلوم ہواہے کہ چڑیا گھر کے سرسبز ماحول اور ساڑھے پانچ سو سے زائد درختوں کے باعث فضائی آلودگی کے خطرات سے جانور اور پرندوں کی اکثریت عام طور پر محفوظ رہتی ہے۔ موسم سرما میںمختلف جانوروں اور پرندوں کو بیماریوں اور سرد موسم کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے ان کی خوراک میں فوڈ سپلیمنٹ اور امیونٹی بوسٹرز کے علاوہ گڑ، شہد، ڈرائی فروٹ، ابلے انڈے شامل کر دئیے گئے ہیں جبکہ شیر سمیت تمام گوشت خور جانوروں بھیڑیا، لپرڈ، چیتا، گیدڑ وغیرہ کے غذائی گوشت میں اضافہ کے علاوہ انہیں کاڈ لیور آئل دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے نوائے وقت سے گفتگو میں لاہور چڑیا گھرکی ڈپٹی ڈائریکٹر کرن سلیم نے بتایاکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی سردی کے مقابلے کے اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔
چڑیاگھر
مو سم کی تبدیلی فضائی آلودگی چڑیا گھر کی جانوروں پرندوں کی بیمار ہونے کا خدشہ بڑھ گیا
Nov 18, 2022