اقبال کا پیغام،ہر دور کے لیے 

Nov 18, 2022

 پیرس میں اقبال ڈے کے حوالے سے تقریب کا اہتمام 
تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد تھے 

مکتوب فرانس 
صاحبزادہ عتیق الر حمن 

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں یوم اقبال کے حوالے سے ایک شاندار و پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس خوبصورت تقریب کی میزبانی ممتاز سیاسی و کاروباری شخصیت سردار ظہور اقبال ، معروف سیاسی و سماجی شخصیت راجہ علی اصغر  ، چوہدری یاسر مردان اور کشمیری راہنما چوہدری نعیم  نے کیا۔ یوم اقبال کے پروگرام میں فرانس میں پاکستان کمیونٹی کی تمام سیاسی ، سماجی و کاروباری جماعتوں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی اور یہ پیغام دیا کہ قومی دنوں اور قومی کاز کے حوالے سے فرانس کی پاکستانی کمیونٹی تمام سیاسی و مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوجاتی ہے۔ 
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولؐ سے کیا گیا۔ اس کے بعد پاکستان اور فرانس کے قومی ترانوں کی دْھن بجائی گئی ، مقررین نے پرجوش طریقے سے علامہ محمد اقبال شاعر مشرق کا پیغام خودی ، اخوت ، آزادی ، انقلاب اور محبت رسول مقبولؐ خوبصورتی سے پیش کیا۔
دین سارے کا سارا  درِ مصطفیؐ پر رسائی کا نام ہے۔ اگر اس در تک ہم نہ پہنچ سکے تو ایمان رْخصت ہو جاتا ہے اور بولہبی باقی رہ جاتی ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی اور فرانس میں متعین ہونے والے پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے تقریب کے منتظمین کو اتنی خوبصورت تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ سفیر ہاکستان عاصم افتخار نے کہا کہ اقبال کا پیغام صرف اس وقت کے لوگوں کے لئے نہیں تھا  بلکہ آنے والی نسلوں  کے لئے بھی ہے ، ہر دور کے باشعور اور آزادی پسند لوگوں کے لئے اقبال کی شاعری میں پیغام ہیں۔ اور اقبال کے حوالے سے ایسی خوبصورت تقریب اور کمیونٹی کے تمام مکتبہ فکر کے نمائندوں کا ایک چھت تلے اکٹھے ہونا ، اقبال کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہت شاندار اور منفرد انداز ہے۔ آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ فرانس اور پاکستان کے تعلقات بہتری کی طرف گامزن ہیں اور ان تعلقات میں مستقبل میں مزید بہتری اور مضبوطی آئے گی۔ فرانس میں اصل میں ہمارے سفراء آپ لوگ ہیں ، آپ لوگ پاکستان ایمبیسی کے لئے بہت بڑا اثاثہ ہیں ، آپ کا فرانسیسی لوگوں سے کاروبار ، جاب ، پڑھائی کے حوالے سے ایک تعلق ہے اس لئے پاکستان کا جو خوبصورت اور روشن امیج آپ بہتر پیش کرسکتے ہیں شاید وہ ہم نہیں کرسکتے، پاکستانی اور فرانس کے لوگوں کے درمیان رابطے اور تعلقات بڑھانے کا آپ ایک مؤثر اور مضبوط لنک ہیں۔ سفیر عاصم افتخار نے مزید کہا کہ میں آپ لوگوں کی خدمات کو سراہنا چاہتا ہوں اور آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کمیونٹی کے مسائل کے حوالے سے آپ کو سفیر پاکستان اور دوسرے افسران کے ساتھ رابطہ کرنے میں کبھی کوئی دشواری نہیں ہوگی، ہم ہر وقت کمیونٹی کے لئے دستیاب ہوں گے۔ ہمیں آپ کی طرف سے بہتر تجاویز ، تعاون اور راہنمائی کی ضرورت رہے گی ، آپ کی تجاویز کی روشنی میں ہم قونصلر سیکشن کو مزید بہتر بنائیں گے۔ میرے اسٹاف نے مجھے بتایا ہے کہ آپ لوگوں کا ہمیشہ جو تعاون رہا ہے ایمبیسی کے ساتھ میں اس کا شکریہ بھی ادا کرنا چاہتا ہوں ، آپ لوگ جب سفارتخانہ پاکستان کا ساتھ دیتے ہیں تو آپ پاکستان اور ریاست پاکستان کا ساتھ دیتے ہیں۔ 
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے اعزاز میں شاندار ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان ایمبسی کے ڈیفنس اتاشی رضوان  احمد ، نیول اتاشی شفیق الرحمن ، پریس اتاشی دانیال گیلانی ، ہیڈ قونصلر احسان کریم نے بھی شرکت کی۔سفیر پاکستان عاصم افتخار کا استقبال میزبان تقریب سردار ظہور اقبال ، راجہ علی اصغر، نعیم چوہدری، یاسر مردان اور معززین کمیونٹی نے پھولوں کے گلدستے پیش کر کے کیا۔

مزیدخبریں