پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں یوم اقبال کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد
پاکستان سوشل سینئر شارجہ کے سابق جنرل سیکرٹری شریف آفریدی اور شاعرہ سیدہ کوثر کی بطور مہمان خصوصی شرکت
پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں یوم اقبال کی مناسبت سے ایک شاندار اور بہترین پروگرام کا انعقاد کیاگیا جس میں شاعر مشرق، مفکر اسلام اور مصور پاکستان علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پاکستان سوشل سینٹر کلچرل ہیڈ صائمہ نقوی نے سر انجام دئیے۔ پروگرام میں مہمان اعزازی پاکستان سوشل سینئر شارجہ کے سابق جنرل سیکرٹری شریف آفریدی تھے جو خاص طور پر اس پروگرام میں شرکت کے لئے آئے۔ پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی، پامیر سکول شارجہ اور پاکستان اسلامیہ سکول شارجہ کے بچوں کی بہترین پرفارمنسز نے ہال میں سماں باندھ دیا۔علامہ اقبال کی مشہور نظموں پر شاندار پرفارمنس پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی کے طلباء و طالبات نے اہم ادبی شخصیات کے روپ دھار کر پہترین انداز میں تعارف پیش کیا۔ بچوں نے سر سید احمد خان، مولوی عبدالحق، مولانا الطاف حسین حالی، میر تقی میراوراحمد فراز کا روپ دھارا۔ بچیوں نے بھی پروین شاکر، ادا جعفری، فہمیدہ ریاض اور حمیدہ شاہین کا روپ اوڑھ کر اور ان کا کلام پڑھ کر خوب داد وصول کی۔ اس پروگرام کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ لندن سے ایک بہترین شاعرہ سیدہ کوثر بھی مدعو تھیں جن کی کتاب "عشق لاہوتی" کی رونمائی کی گئی۔ صدر پاکستان سوشل سینئر شارجہ چوہدری خالد حسین، راجہ محمد سرفراز، شریف آفریدی، طاہر منیر طاہر، نبراس سہیل کتاب کی رونمائی میں شریک ہوئے۔ چوہدری خالد حسین نے شریف آفریدی اور سیدہ کوثرکواعزازی شیلڈ سے نوازا۔ چوہدری خالد حسین نے شاعرہ سیدہ کوثر کی کا وشوں کو سراہا اور تمام مہمانوں کا اورخاص طور پر اساتذہ، والدین اور بچوں کا شکریہ ادا کیا اور میڈیا کی پاکستانی کمیونٹی کے لئے سروسزکوبھی خراج تحسین پیش کیا- صحافیوں سبط عارف، خالد گوندل، طارق ندیم، رانا ارشد، کاشان تمثیل جبکہ پاکستانی کمیونٹی کے عارف منہاس، ماجدہ خانم ، عمر بلوچ، محمد ثقلین مہرو اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا- تقریب کے آخر میں کیک کاٹا گیا۔ صائمہ نقوی نے بچوں کے والدین اور باقی تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ ایسے پروگرام منعقد کرتے رہیں کہ جس سے ہمارے بچے وطن سے دور رہ کر بھی اپنے وطن کی محبت کو محسوس کرتے رہیں
سر سید ، مولوی عبدالحق، مولانا الطاف حسین حالی، میر تقی میراوراحمد فرازکے روپ میں بچے
Nov 18, 2022