اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کام انڈسٹری کو درپیش محکمانہ مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، کوشش ہے کہ محکمانہ رکاوٹوں کو دور کرکے مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کو استحکام دیا جائے۔وفاقی وزیر آئی ٹی ٹیلی کام کمپنیوں کے سربراہان سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے یہاں جمعرات کو ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں یوفون کے حاتم بامطرف، جاز کے عامر ابراہیم، ٹیلی نار کے عرفان وہاب خان شریک تھے۔ٹیلی کام کمپنیوں کے سربراہان نے وفاقی وزیر آئی ٹی کو مختلف مسائل و معاملات سے آگاہ کیا اور وفاقی وزیر آئی ٹی کا ٹیلی کام انڈسٹری سے بھرپور تعاون اور کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کام انڈسٹری کودرپیش محکمانہ مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، ٹیلی کام آلات کی امپورٹ، اسپیکٹرم فیس ، انڈسٹریل ٹیرف سمیت گھمبیر مسائل ہیں، معاشی استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ٹیلی کام انڈسٹری کے فروغ سے مشروط ہے، کوشش ہے کہ محکمانہ رکاوٹوں کو دور کرکے مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کو استحکام دیا جائے۔انہوں نے کہا آئی ٹی انڈسٹری کی کارکردگی کنکٹیویٹی اور کنکٹیویٹی میں بہتری ٹیلی کام انڈسٹری سے منسلک ہے۔ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری(انچارج ) وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن محسن مشتاق اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔
سید امین الحق
ٹیلی کام انڈسٹری کو درپیش محکمانہ مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، سید امین الحق
Nov 18, 2022