کراچی ( نیوز رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے بوسنیا ہرزگووینا کے سفیر Sakib Foric نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت ، معاشی تعاون میں اضافہ، وفود کے تبادلوں و باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر فورم پر بوسنیا کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام بوسنیا سے اسلامی اخوت کے رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں۔ بوسنیا کے سفیر نے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستان نے ہمیشہ ہماری مدد کی ہے۔ مختلف شعبوں میں پاکستان سے تعاون بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔ دریں اثناء مراکش کے سفیر محمد کارمون نے بھی گورنر سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر مراکش کے اعزازی قونصل جنرل اشتیاق بیگ بھی موجود تھے۔ملاقات میں باہمی تجارت کے مزید فروغ، اقتصادی وفود کے تبادلوں، تعلیم و صحت کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ، صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ مراکش اسلامی تاریخ میں نمایاں اہمیت کا حامل ملک ہے اور مراکش اپنی تعمیرات کے لحاظ سے منفرد اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک مراکش تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیںاس ضمن میں باہمی تعاون میں اضافہ سے دونوں ممالک کی معیشت کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تجارتی حب کراچی میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے سازگار مواقع موجود ہیں۔مراکش کے سفیر نے کہا کہ مراکش کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ مراکش کی حمایت کی ہے۔
گورنر ملاقاتیں