تھل جیپ ریلی 150ریسرز کی رجسٹریشن کوالیفائنگ رائونڈ آج ہو گا

Nov 18, 2022


ملتان‘ کوٹ ادو‘ علی پور‘ فیض آباد (سماجی رپورٹر‘ نمائندوں سے)  ریسرزتھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کے لیے اپنی گاڑیوں کے ساتھ چھانگامانگا  ٹیلے پر پہنچ گئے ہیں۔150 سے زائد گاڑیوں نے تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی میں حصہ لینے کیلئے رجسٹریشن کرائی گئی۔ ریسرز میں صاحبزادہ محمد علی سلطان اور نادر مگسی کے نام نمایاں ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)سمیع اللہ فاروق اور ڈی پی او احمد نواز نے موقع پر انتظامات اور سکیورٹی کا جائزہ بھی لیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ڈی پی او احمد نواز نے کوالیفائنگ مقابلے کے ٹریک پر گاڑی بھی چلائی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)سمیع اللہ فاروق  نے اس موقع پر کہا  کہ ضلع مظفرگڑھ اور کوٹ ادو کے عوام کو اس سال بہترین تفریحی فراہم کی جائے گی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے طرف سے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ شائقین کی بڑی تعداد اس تقریب سے لطف اندوز ہورہی ہے، جنگل میں منگل کا سماں ہے۔ کمشنر ڈیرہ غازی خان لیاقت علی چٹھہ 18 نومبر کو تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کا  باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 18 نومبر کوالیفائنگ مقابلے کے ساتھ ساتھ گھڑ سواری اور نیزہ بازی کے مقابلے بھی ہونگے۔ 19 نومبر کو مرد و خواتین کی سٹاک کیٹگری کی گاڑی کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ کبڈی کے مقابلے بھی کرائے جائیں گے۔20 نومبر کو مرد و خواتین کی پریپیرڈ گاڑیوں کے مقابلے ہوں گے جبکہ کے شام کو فیصل سٹیڈیم میں نتائج کا اعلان کیا جائے گا اور تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوگی۔ اس موقع پر مظفرگڑھ کی عوام کی تفرتحی کیلئے رنگا رنگ کے پروگرام ترتیب دئیے ہیں جس میں میوزک نائٹ، آتش بازی، فوڈ سٹریٹ، بچوں کے جھولے وغیرہ شامل ہیں۔ تھل جیپ ریلی میں4خواتین ریسرز بھی حصہ لے رہی ہیں۔گزشتہ سال خواتین ریسرز کی تعداد7 تھی۔ریلی کے پروگرام شروع ہوتے ہیں ٹی ڈی سی پی حکام بھی چھانگا مانگا ٹیلہ کے مقام پر موجودتھے۔ چھانگا مانگا ٹیلہ اور قرب وجوار میں عوام کی بڑی تعداد موجودرہی۔ دریں اثناء ملتان بوسن روڈ پر گزشتہ شب ڈرائیورز،نیوی گئیرزکانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں ریسرز اور ان کے ساتھیوں کی بھرپور شرکت کی۔اس کانفرنس میں کھلاڑیوں نے روٹ کا مکمل جائزہ لیا اور حکام کو اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔
تھل جیپ ریلی1

مزیدخبریں