دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 میں ایسا خصوصی جیمرز متعارف کرائے گئے ہیں جس سے اب کسی کی نجی زندگی کی خفیہ آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کرنا ممکن نہیں رہے گا۔ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 میں غیر ملکی کمپنیوں نے بھی جدید دفاعی مصنوعات کے اسٹالز لگائے ہوئے ہیں۔ ان ہی اسٹالرز میں ایک اطالوی کمپنی کا بھی اسٹال ہے۔ آئیڈیاز 2022 میں شریک اطالوی کمپنی نے ملک میں جاری نجی افراد کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ مسئلے کا توڑ پیش کردیا ہے۔ مذکورہ کمپنی نے نمائش میں ایسے خصوصی جیمرز متعارف کرائے ہیں جس کے ذریعے اب کسی کی بھی نجی زندگی کی خفیہ آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کرنا ممکن نہیں رہے گا۔ کمپنی کی نمائندہ ڈاکٹر ارسلا نے دعوی کیا ہے کہ ان کے بنائے گئے موبائل سائز کے جیمرز سے اب خفیہ آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ ڈاکٹر ارسلا کے مطابق ان کی کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے خصوصی آلات سے جسم کو ٹچ کیے بغیر کسی بھی سائز کے مائیکرو فون اور کیمرے کی نشاندہی کی جاسکتی ہے۔ اطالوی کمپنی کے پاکستانی نمائندے محمد عمران افضل نے بتایا کہ جدید جیمرز کے ذریعے کسی بھی مائیکرو فون یا ریکارڈنگ ڈیوائس کو بھی بلاک کیا جا سکے گا۔ یہ جیمرز ویڈیوز بھی بنائیں گے اور اسے بلاک بھی کردیں گے۔ عمران افضل کے مطابق اس میں ایسا اینٹی بلاکنگ سسٹم بھی نصب ہے کہ باہر سے آکر کوئی بھی کسی مخصوص جگہ پر ریکارڈنگ نہیں کرسکے گا۔ اطالوی کمپنی اپنے جدید سائبر سیکیورٹی آلات، موبائل جمیرز اور مائیکرو چپ کی خفیہ ریکارڈنگ کی فریکوئنسی جام کرنے والی ٹیکنالوجی کو پاکستان ٹرانسفر کرنے کی بھی خواہشمند ہے۔