اسرائیلی محاصرہ، بمباری الشفا ہسپتال کے تمام مریض، الاہلی میں 100شہید، 5صیہونی فوجی ہلاک

Nov 18, 2023

غزہ (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری 42 ویں روز بھی جاری ہے ،بمباری میں 76ہزار رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جبکہ الشفا اسپتال کے اسرائیلی محاصرے کے باعث طبی سہولیات نہ ہونے سے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں تمام مریض شہید ہوگئے۔ ، شہدا کی مجموعی تعدا 12ہزار سے تجاوز کرچکی ہے ۔قابض فوج کے المغازی میں فضائی حملے کےدوران مزید 9افراد شہید ہوگئے جبکہ 26 ہسپتال مکمل طور پرتباہ ہوگئےں، عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 29ہزارسے زائد شہری زخمی ہوئے جبکہ 1770بچے لاپتا ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے الاھلی عرب ہسپتال پر دھاوا بول دیا ہے۔ اسرائیلی ٹینکوں نے ہسپتال کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کل شام سے لے کر اب تک الاھلی عرب ہسپتال میں تقریباً 100 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ القسام بریگیڈز نے بیت حانون میں ایک سرنگ کے دھانے پر بوبی ٹریپ دھماکہ کیا جس میں ایک افسر سمیت کم سے کم پانچ اسرائیلی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسرائیل نے اعتراف کیا کہ ایک افسر سمیت 5 فوجی مارے گئے۔دوسری جانب حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل حماس کی طرف سے مقرر کردہ قیمت ادا کرنے کے علاوہ اپنے قیدیوں کو واپس نہیں لے گا۔ انہوں نے کہا کہ حماس "طویل جنگ" لڑنے کے لیے تیار ہے۔ جبکہ اقوام متحدہ کا کہنا ہےکہ اسرائیلی فوج نے الشفا کا ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ تباہ کردیا، اسپتال میں رکھی کئی لاشیں بھی نکال دیں۔الشفا میں رات گئے کم ازکم 22 فلسطینی جبکہ 3 دن میں 55 افراد انتقال کرچکے۔ فلسطینی فریڈم موومنٹ کے بانی اور سیکرٹری جنرل خالد ابو ہلال اسرائیلی حملے کے نتیجے میں شہید ہوگئے۔اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے غزہ میں قائم انڈونیشیا ہسپتال مکمل غیر فعال ہوگی،دوسری جانب اسرائیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الشفا اسپتال میں اسرائیلی کمانڈوز تاحال حماس کی تلاشی کیلئے آپریشن کررہے ہیں۔ ابن سینا ہسپتال کو بھی فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ طبی عملے کے دو ارکان کو بھی گرفتار کر لیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہےکہ ہم غزہ پر قبضے کا ارادہ نہیں رکھتے اور یہ ہمارا مقصد نہیں ہے جب کہ ہمارے پاس الشفاء ہسپتال میں یرغمالیوں کو رکھے جانے کے ٹھوس شواہد تھے۔ انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس ٹھوس شواہد تھے کہ حماس نے الشفاءاسپتال میں یرغمالیوں کو رکھا ہوا ہے، ان شواہد کی بنا پر اسرائیلی فوج اسپتال میں داخل ہوئی لیکن اسرائیلی فوجیوں کے پہنچنے سے پہلے حماس رہنما الشفاءہسپتال سے نکل گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاہتے تھے غزہ جنگ میں کم سے کم جانی نقصان ہو مگرکامیاب نہیں ہوئے۔ جنوبی افریقا نے اسرائیل کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت( آئی سی سی) میں شکایت درج کرا دی۔جنوبی افریقا کے صدر رامافوسا کا کہنا ہے اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم اور نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ یقین ہے کہ عالمی فوجداری عدالت اسرائیلی جنگی جرائم کی تحقیقات کرےگی۔ ایران کی قدس فورس کے سربراہ نے اسرائیل سے جنگ میں حماس کی ہر ممکن مدد کا اعلان کیا ہے۔ایران کی قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قانی کی جانب سے حماس کے القسام بریگیڈز کے کمانڈر محمد ضیف کو ایک پیغام بھیجا گیا ہے جس میں انہوں نے ایران کی جانب سے حماس کو ہر طرح کی مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں روزانہ کی بنیاد پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ روس ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ مصری ذرائع نے انکشاف کیا کہ مصری اور امریکی حکام کے درمیان اس وقت غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر پہنچنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔ مختلف ممالک میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی شہر سان فرانسسکو میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے سان فرانسسکو بے برج کو بلاک بھی کیا، اس دوران درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔جنوبی کوریا میں بھی فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔علاوہ ازیں لندن میں غزہ میں اسرائیلی حملوں کے خلاف اسکول کے بچوں کی ریلی نکالی گئی۔امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ پر قبضہ اسرائیل کی بڑی غلطی ہو گی۔ فلسطین، اسرائیل تنازع کا حل دو ریاستوں کا قیام ہے۔ حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کو رہا کرانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ غزہ میں امریکی فوج نہیں بھیجی۔ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے سے رات بھر میں 47 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں شدید فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ غزہ انکلیو میں سانس انفیکشن کے 70 ہزار سے زائد اور ڈائریا کے 44 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جاپان میں غزہ پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ سلطنت عمان میں کے شہر نزوی میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔

مزیدخبریں