لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض کو قومی مینز کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کر دیا گیا ۔ پہلی اسائنمنٹ 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آسٹریلیا میں ہونے والی 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور نیوزی لینڈ میں 12 سے 21 جنوری تک ہونےوالی 5 میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کےلئے پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔ وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننا اعزاز کی بات ہے۔ کرکٹ کے معاملات میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے ۔یہ چیلنج ہے ، آسٹریلیا کا دورہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے جہاں پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔نیوزی لینڈ کے دورے سے ہمیں آئندہ سال جون میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کےلئے ایک متوازن ٹیم تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔محمد حفیظ کی شکل میں اچھا ٹیم ڈائریکٹر موجود ہے اور پاکستان کرکٹ کی کامیابی کےلئے کام کریں گے۔ بنیادی توجہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اہمیت دیتے ہوئے آل راو¿نڈ سکواڈز کا اعلان کیا جائے۔ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ ہیڈ کوچ اور بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کیلئے کوئی الگ سے ہیڈ کوچ یا بیٹنگ کوچ نہیں بنایا جائیگا۔ سابق فاسٹ باﺅلر عمر گل کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے باو¿لنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ جلد عمر گل کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرےگا، دورہ آسٹریلیا میں عمر گل قومی ٹیم کے اتھ بطور باو¿لنگ کوچ جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سہیل تنویر کو قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔سہیل تنویر کی پہلی اسائنمنٹ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کےلئے پاکستان انڈر 19 ٹیم کا انتخاب ہوگا جو آٹھ سے سترہ دسمبرتک متحدہ عرب امارات میں ہوگا جس کے بعد پاکستان انڈر 19 ٹیم تیرہ جنوری سے چار فروری تک سری لنکا میں ہونےوالے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔سہیل تنویر کا کہنا ہے کہ یہ تقرری ان کےلئے اعزاز ہے جس کےلئے وہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ ایک بہت اہم ذمہ داری ہے اور وہ اس چیلنج کیلئے تیار ہیں۔وہ ینگ ٹیلنٹ میں یقین رکھتے ہیں اور ان کا ارادہ ہے کہ کامیابی کیلئے گراس روٹ لیول سے انٹرنیشنل لیول تک ایک پاتھ وے تیار کیا جائے ہماری پہلی ذمہ داری انڈر 19 ایشیا کپ اور انڈر19 ورلڈ کپ کےلئے مضبوط ٹیم کی تشکیل ہے۔