واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف آباد کاروں کے تشدد کو روکنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بلینکن نے اسرائیلی اپوزیشن لیڈر بینی گینٹز سے فون پر زور دیا کہ مغربی کنارے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مثبت اقدامات کرنے کی فوری ضرورت ہے۔ان اقدامات میں انتہا پسند آبادکاروں کے فلسطینیوں پر بڑھتے حملوں کی روک تھام بھی شامل ہے۔بلینکن سان فرانسسکو میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC) سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے بعد سے حماس کے زیر حراست یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی بات کی۔اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ حماس نے غیر ملکیوں سمیت تقریبا 240 افراد کو اغوا کیا اور 1200 کو قتل کیا جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔اسرائیل نے حماس کو ختم کرنے کا عزم کیا ہے اور اس کے بعد سے وہ غزہ کی پٹی پر مسلسل بمباری کر رہا ہے۔ اسرائیل نے غزہ کی پٹی کا مکمل محاصرہ کرنے کے بعد زمینی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔حماس کی وزارت صحت کے مطابق بمباری کے نتیجے میں 11,500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر عام شہری اور ہزاروں بچے شامل ہیں۔