لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اب عوام کی امنگوں پر پورا اترنا ہوگا۔ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ق نے حکومتی اتحاد میں رہتے ہوئے بھی عوام کو درپیش مشکلات کے حل اور ان کے حقوق کی بات کی اور آئندہ بھی اس سے گریز نہیں کریں گے۔ عام انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور ایسے امیدوار سامنے لائیں گے جو اسمبلیوں میں پہنچ کر عوام کیلئے آواز بلند کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ گجرات کے موقع پر مختلف مقامات پر منعقدہ استقبالیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ندیم پہلوان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ عوام کی خدمت ہماری قیادت کا طرہ امتیاز ہے۔ عوام جس طرح عزت و احترام اور محبت سے نوازتے ہیں ہماری کوشش ہوتی ہے اس سے بڑھ کر اس کا جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی قیادت نے مختلف مقامات پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کرائے ہیں، یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ ہمارا فرض تھا اور ان شاءاللہ آئندہ بھی عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔