اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 6 نومبر، 29 اور 18 اکتوبر کو مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثاءسے ٹیلی فونک رابطہ کر کے اظہار ہمدردی کیا صدر مملکت نے شہداءکو وطن پر جان نچھاور کرنے پر قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم کی خاطر اپنے پیاروں کی قربانی دینے پر قوم شہدا کے خاندانوں کی ممنون رہے گی۔صدر مملکت نے 6 نومبر کو سنداپل، خیبر پختونخوا میں حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کے لواحقین سے گفتگو کی، صدر عارف علوی نے نائیک خوشدل خان، لانس نائیک عبدالقدیر خان اور رفیق خان کے اہلِ خانہ سے بھی رابطہ کیا۔صدر عارف علوی نے 29 اکتوبر کو ضلع آواران بلوچستان میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار آصف عمران اور سپاہی عرفان علی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔صدر پاکستان نے 18 اکتوبر کو جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ میں حملے میں شہید ہونے والے سپاہی فرمان علی کے ورثا کو بھی ٹیلیفون کیا۔صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور شہدا کے بلند درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔