لاہور‘ شیخوپورہ‘ راولپنڈی (این این آئی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ نوائے وقت) فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع سے بجلی چوری کیخلاف مہم کے دوران 70دنوں میں 3859 بجلی چوروں کو پکڑ لیا گیا۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف مہم جاری ہے اور چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں کل 462 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 5لاکھ 90ہزار 725یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے جن کی مالیت 2 کروڑ 42لاکھ 21ہزار 576روپے بنتی ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم میں 70روز میں 26980 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، اب تک12653ملزمان کو گرفتار کیا گیا،26701کنکشنز کے خلاف ایف آئی آر ز کے اندراج کےلئے درخواستیں جمع کرائی گئیں۔ترجمان کے مطابق مجموعی طو رپر بجلی چوروں کو اب تک 4کروڑ79لاکھ 88ہزار233یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت 2ار ب 45لاکھ 91ہزار 917روپے بنتی ہے ۔سوئی ناردرن کے تحت پنجاب، خیبر پی کے اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈاﺅن کے دوران مزید 150گیس کنکشن منقطع کردئیے گئے، 345 انڈر بلنگ کیسز اندراج / پروسیس کردئیے گئے جبکہ 1کروڑ 16لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔ راولپنڈی انتظامیہ اور آئیسکو آپریشن میں مزید 12 افراد کی گرفتاری کے بعد گرفتار افراد کی تعداد 158 ہوگئی۔ حالیہ انسداد بجلی چوری آپریشن میں آئیسکو حکام کی جانب سے پولیس کو بجلی چوری میں ملوث 213 افراد کے خلاف درخواستیں دی گئیں جبکہ اب تک پولیس کی جانب سے 158افراد کو بجلی چوری کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔ شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں متعدد غیر قانونی کنکشن پکڑ لئے۔ لیسکو رورل کی ٹیم نے وزیر اورکاں، دھامونکے، ترگے والی، جیتا باہڑیاں، آمنہ کالیا، ماہموں گجر، گاﺅں گھیڑا میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کی جہاں بجلی چوری کے مرتکب پائے جانے والے درجنوں افراد کو مجموعی طور پر 1کروڑ 20لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔