لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام کے سینئر مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر تبصرہ کرتے کہا بلاول نے 70 سالہ بابوں کو سیاست سے رٹائرمنٹ کا مشورہ دیکر غیر شعوری طور پر اپنے بابا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ الحمد للہ! زرداری صاحب صحت مند ہیں، وہ کنگ بھی بنے اور کنگ میکر بھی ہیں۔ البتہ بلاول کو اپنے ”بابا“ کے حوالے سے یہ بات نہیں کرنا چاہئے تھی۔ جمعرات کے روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ بلاول بھٹو کا ایبٹ آباد میں کھڑے ہوکریہ کہنا کہ مجھے وزیر اعظم بنائیں شاید وہ 110کلو میٹر کے فاصلے پر موجود احباب تک اپنی خواہش پہنچانا چاہتے ہیں۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ ماضی میں بھی ایک لاڈلہ بنا تھا اب بھی لاڈلا بننے کے لیے سب تگ و دو میں مصروف ہیں۔