لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتوں کی صورت میں خاندانی بادشاہتیں قائم ہیں اور ان کی سیاست دولت اور طاقت کے معیارات کے گرد گھومتی ہے۔ چند لوگ اپنے آپ کو عزت مند تصور کرکے سمجھتے ہیں کہ اقتدار ان کے بعد ان کے بچوں کی وراثت ہے۔ آئندہ الیکشن میں سیاسی برہمنوں، شہزادوں، شہزادیوں کا غرور خاک میں مل جائے گا۔ عوام کا ووٹ ابابیلوں کے کنکر کی مانند ہے جس سے کرپٹ اور فرسودہ نظام کا خاتمہ گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیہ میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ملک آزاد ہونے سے لے کر اب تک جنوبی پنجاب پر جاگیرداروں اور وڈیروں کا تسلط ہے۔ لیہ میں ان کی دعوت پر آیا ہوں جنہوں نے ظالم وڈیروں اور کرپٹ مافیا کو چیلنج کیا۔ شہر میں خواتین کا عظیم الشان اجتماع نئی صبح کی نوید ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راو¿ ظفر، امیر ضلع مبشر نعیم چودھری، ناظمہ ضلع زرتاشیہ، امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ 282 لیہ غزالہ یاسمین و دیگر بھی موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی کو حکومت ملی تو ہم خواتین کے لیے علیحدہ یونیورسٹیاں بنائیں گے، ان کے لیے بہترین اور الگ ٹرانسپورٹ کا نظام ہوگا، ہم بینکوں سے خواتین کو بلا سود قرضے دیں گے تاکہ وہ اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں، سمال انڈسٹری کو پروموٹ کیا جائے گا، خواتین کا وراثت میں حق یقینی بنائیں گے، کوئی شخص اس وقت تک الیکشن کا اہل نہیں ہو گا جب تک وہ اپنی بہنوں اور بیٹیوں کو جائداد میں حصہ نہ دے۔ معاشرہ میں فرسودہ رسومات کا خاتمہ کیا جائے گا، بچوں اور خواتین سے زیادتی کرنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے۔ خواتین کو وہ تمام حقوق دیے جائیں گے جن کا اسلام نے ان سے وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر سودی نظام کا خاتمہ کرے گی، سود سب سے بڑا گناہ اور اللہ اور رسول کے ساتھ جنگ ہے، اس کے ہوتے ہوئے معیشت ترقی نہیں کر سکتی۔