لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے روڈ ایکسیڈنٹ متاثرین کی یاد میں عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان سب کیلئے دعا مغفرت کرتے ہیں جو سڑک حادثات کی وجہ سے جدا ہو گئے۔ حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہوں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں روڈ سیفٹی کو مزید بہتر بنا رہے ہیں تاکہ کسی کے گھر کا چراغ نہ بجھے۔ حادثات سے بچاؤ کیلئے 600 سے زائد روڈز کی تعمیر و مرمت اور بحالی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ موٹر ویز پر ریسکیو سروسز کے لئے ایمبولنس سروس کا آغاز کر رہے ہیں۔ مخصوص خدمت مراکز پر ٹریفک پولیس ماہرین کی نگرانی میں ڈرائیورز ٹریننگ پروگرامز جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹریفک ایکسیڈنٹ متاثرین کے لئے ریسکیو 1122 سروسز کو مزید اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ اپنی، دوسروں کی حفاظت کیلئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی عادت بنائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قلات کے علاقے شاہ مردان میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سکیورٹی فورسز کو 6 خوارجیوں کو واصل جہنم کرنے پر خراج تحسین اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ پنجاب کی دھی رانی نے دیہات کی ماؤں اور بہنوں کے لئے شاندار منصوبہ متعارف کرا دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا دیہی خواتین کے لئے منفرد پروگرام کے تحت دیہات میں مقیم بیوہ اور مطلقہ خواتین کو گائے اور بھینسیں دی جائیں گی۔ جنوبی پنجاب میں 11ہزار نادار خواتین کے لئے 2 ارب روپے کا تاریخی پیکج مختص کیا گیا ہے۔ ڈیرہ غازی، مظفر گڑھ، راجن پور، لیہ اور کوٹ ادو میں دیہی خواتین کو بھینس اور گائیں مفت ملیں گی۔ ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کی دیہی خواتین کو گائے اور بھینسیں دی جائیں گی۔ نادار دیہی خواتین گائے اور بھینسوں کو پال کر اور دودھ بیچ کر باعزت روزگار کما سکیں گی۔ لائیوسٹاک پراجیکٹ سے اچھی نسل کی گائے، بھینسیں پال کر دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ 12 اضلاع کی دیہی خواتین لائیو سٹاک پراجیکٹ کے لئے اپلائی کر سکتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پنجاب کی دیہی خواتین کی مالی خودمختاری ترجیحات میں شامل ہے۔ دیہاتی خواتین کو لائیو سٹاک پراجیکٹ سے روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی پنجاب کی ہر عورت کا حق ہے۔ لائیو سٹاک پراجیکٹ سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کا ہدف پورا ہوگا۔
ترقی وخوشحالی پنجاب کی ہر عورت کا حق ، روڈ سیفٹی بہتر بنارہے ، کسی کے گھر کا چراغ نہ بجھے : مریم نواز
Nov 18, 2024