لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ انگریزی اخبار میں چھپنے والی خبر میں حکومت پنجاب کی یو اے ای کے فنڈز میں سرمایہ کاری کا ذکر سراسر غلط ہے۔ حکومت پنجاب نے یو اے ای کے کسی بھی فنڈ میں سرمایہ کاری نہیں کی، اس لئے اس موضوع پر حکومت پنجاب کے عہدیداروں کے ساتھ آئی ایم ایف کے اجلاس میں کبھی بات بھی نہیں ہوئی۔ آئی ایم ایف نے تسلیم کیا ہے کہ پنجاب حکومت اپنے متعین سرپلس کیلئے درست راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا خبر میں آئی ایم ایف کے بارے میں غلط تاثر دیا گیا ہے کہ وہ پنجاب کے پہلے سہ ماہی کے خسارے پر پریشانی کا شکار ہے۔ آئی ایم ایف نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ پہلی سہ ماہی کے اختتام پر پنجاب کے پاس 40 ارب روپے سرپلس تھے، جس کے بعد وفاقی وزارت خزانہ نے اعداد و شمار درست کئے۔ پنجاب حکومت کے سرپلس کو ظاہر کرنے والے نظر ثانی شدہ مالیاتی آپریشنز بھی اپ لوڈ کیے گئے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ خبر میں یہ بھی غلط رپورٹ کیا گیا ہے کہ پہلی سہ ماہی کے اختتام پر پنجاب اپنے 150 ارب روپے سرپلس کے ہدف سے پیچھے ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ قومی مالیاتی معاہدے میں پنجاب کے لئے سہ ماہی سرپلس کے اہداف نہیں۔ پنجاب حکومت انگریزی اخبار کی غلط رپورٹنگ پر افسوس کا اظہار کرتی ہے۔ یہ رپورٹنگ صحافتی معیار اور صحافتی اصولوں کے خلاف ہے۔
پنجاب حکومت درست راستے پر گامزن‘ آئی ایم ایف نے تسلیم کر لیا: عظمیٰ بخاری
Nov 18, 2024