ٹرمپ سوئنگ سٹییٹس میں ہماری وجہ سے جیتے ،کا بینہ اسرائیلی حامیوں سے بھری جارہی : امریکی مسلمان ناراض 

Nov 18, 2024

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) ٹرمپ کابینہ میں اسرائیل کے حامی افراد کی تقرری پر امریکی مسلمان ناراضگی کا اظہار کرنے لگے۔ مسلمان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سوئنگ سٹیٹس میں ٹرمپ ان کی وجہ سے جیتے لیکن ٹرمپ کی کابینہ اسرائیل اور صہیونیت کے حامیوں سے بھری جا رہی ہے، ایسا لگتا ہے ٹرمپ نے صدارتی ووٹ حاصل کرنے کے لیے مسلمانوں کے ساتھ بڑا ہاتھ کردیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ جنگ روکنے کے مخالف اور اسرائیل کے حامی مارکو روبیو کو وزیر خارجہ جبکہ دو ریاستی حل کے مخالف اور اسرائیلی قبضے کے حامی مائیک ہکابی کو اسرائیل میں اگلا امریکی سفیر نامزد کردیا۔ ٹرمپ نے غزہ میں فلسطینی شہادتوں کی مذمت کی انکاری اور اسے یہود دشمنی قرار دینے والی ایلیس سٹیفانیک کو اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نامزد کیا ہے۔ مسلمان ووٹرز کا کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے بیان دینے والے ٹرمپ سے امن کے لیے کام کرنے کی توقع تھی لیکن انہوں نے شدید مایوس کیا۔

مزیدخبریں