کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کی لہر ریاست کے خلاف سازش ہے۔ وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے قلات میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز فرنٹ لائن پر لڑرہی ہیں، ملک کو غیر مستحکم کرنے کیلئے منظم دہشت گردی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں غیرملکی ہاتھ ملوث ہیں، عالمی فورمز پر متعدد ثبوت دے چکے ہیں۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کررہی ہیں۔ قلات میں دہشت گردوں کی جانب سے بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے۔ شہید ہونے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ دہشت گردوں کو شہداء کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان شہید میجر حسیب کے گھر گئے۔ سابق وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے میجر حسیب شہید کے والد میجر ریٹائرڈ اسلم چودھری سے فاتحہ خوانی اور تعزیت کی۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ میجر حسیب شہید پاکستان کا فخر ہیں۔ بلوچستان کے عوام آپ جیسے بہادر والد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
قلات دہشتگردی ، ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے سرفرازبگٹی
Nov 18, 2024