سیکورٹی صورتحال بدترین خیبرپی کے حکومت کی ساری توجہ سیاست پر ہے : فضل الرحمن 

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد قانون سازی کر کے لوگوں کو اپنے ہی ملک میں مشکوک بنادیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام کرب سے گزر رہے ہیں جبکہ حکومت کی ساری توجہ سیاست پر ہے۔ صوبہ 15 سال سے بدترین سکیورٹی صورتحال کا شکار ہے۔ پشاور میں الیاس بلور کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا صوبے کے عوام کرب سے گزر رہے ہیں اور خیبرپختونخوا کی حکومت کی ساری توجہ سیاست پر ہے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت قیام امن پر نہیں بلکہ سیاست کو فوکس کی ہوئی ہے جو غلط ہے۔ جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے شق نمبر 8 کو نکال دیا گیا جبکہ ترمیم کے بعد دھڑا دھڑ قانون سازی کی جارہی رہی ہے اور انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کسی کو بھی پکڑ کر 90 دن تک حراست میں رکھ سکتے ہیں۔ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن گزشتہ روز اے این پی کے رہنما الیاس بلور کے گھر گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیاس بلور خطے کے معروف سیاسی رہنما اور سماجی شخصیت تھے۔ ہفتہ کے روز برطانیہ سے آیا ہوں پی ٹی آئی کے احتجاج کا علم نہیں۔

ای پیپر دی نیشن