سندس فائونڈیشن کے زیر اہتمام مریض بچوں کو مفت بلڈ لگایا جارہا ہے: شازیہ فرید

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )رکن قومی اسمبلی شازیہ فرید اور ڈسٹرکٹ انچارج سی ٹی ڈی عمران عباس چدھڑ نے اروپ میں تھیلسیمیا کے مریضوں کے لیے لگائے گئے بلڈ کیمپ سے خطاب کے دوران کہا کہ گوجرانوالہ اور گردو نواح کے علاقہ جات میں 18ہزار سے زائد تھیلسیمیا کے کم عمر بچے موت و حیات کی کشمکش میں زندگی بسر کر رہے ہیں ۔سندس فائونڈیشن کے زیر اہتمام ان بچوں کو باقاعدگی سے مفت بلڈ لگایا جارہا ہے۔ اس موقع پر سندس فائونڈیشن کے سرپرست اعلی سرفراز احمد، ایم پی اے محمد نواز چوہان، کیمپ منتظمین اسد علی اعوان ،وحید چیمہ عارف مسیح اور دیگر سماجی شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ شازیہ فرید ایم این اے نے کہا کہ حکومت بہت جلد ایک قانون بنا رہی ہے کہ شادی سے قبل ہر لڑکے اور لڑکی کے میڈیکل ٹیسٹ کروائے جائیں تاکہ آنیوالی نسلیں تھیلسیمیا جیسی بیماریوں میں مبتلا نہ ہو سکیں۔ سندس فائونڈیشن کے خصوصی معاون ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ نے مزید بتایا کہ اس وقت پاکستان بھر میں ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد جبکہ گوجرانوالہ ،گجرات اور حافظ آباد میں 1800سے زائد بچے تھیلسیمیا میں مبتلا ہیں اگر انہیں بروقت خون نہ لگایا جائے تو ایسے بچے بہت ہی جلد جان کی بازی ہار جاتے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن