گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے رواں ماہ کے دوران 72مقدمات درج کرکے 23ملزمان کو گرفتار کر لیا ،گرفتار ملزمان میں لیبیا کشتی حادثہ میں 17انسانی اسمگلرز شامل ہیں ۔انسانی اسمگلرز کے قبضہ سے 9پاکستانی پاسپورٹ سمیت کثیر تعداد میں جعلی سفری و امدادی دستاویزات برآمد کیں جن میں نادرا اور دیگر اداروں سے متعلق جعلی سرٹیفکیٹس اور اٹالین ایمبسی کے جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹرز بھی شامل ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق 23مقدمات میں تفتیش مکمل کر کے چالان عدالت میں جمع کروائے گئے جبکہ 117انکوائریز مکمل کی گئیں۔گذشتہ ہفتہ کے دوران 22مسافروں کو مشکوک سفری دستاویزات کی بناء پر آف لوڈ کیا جن میں سعودی عرب جانیوالے 2مبینہ گداگر بھی شامل ہیں۔ مسافروں سے1سعودی ، 2سائوتھ افریقی اور 4 یونانی جعلی ویزہ جات برآمد کیے۔ مختلف مقدمات میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے قبضہ سے 3.1ملین روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی۔ جبکہ بجلی چوری میں ملوث 3ملزمان کو عدالت سے سزائیں بھی دلوائی گئیں۔