لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل آپریٹر جاز نے خواتین کرکٹرزفاطمہ ثنا، سدرا امین، ندا ڈار، نشرہ سندھو اور گل فیروزا کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔دونوں کے درمیان یہ شراکت اسلام آباد میں جاز کے ہیڈ آفس میں کھلاڑیوں کے دورے کے دوران ایک معاہدے کی شکل میں طے پائی۔اس اقدام کا مقصد خواتین کے اختیار اور کھیلوں میں خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت جاز خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے اورنوجوان لڑکیوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینے کیلئے مختلف منصوبوں کی حمایت کرے گا۔ ان اقدامات میں تربیتی پروگرام شامل ہیں جو خواتین ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کریں گے۔اس موقع پر جاز کے نائب صدر مارکیٹنگ علی فہد نے کہا ہم مثبت معاشرتی تبدیلی کیلئے پرعزم ہیں اور ایک ایسا ماحول بنانے کی کوشش کرتے ہیں جہاں صنفی مساوات اور خواتین کا اختیار بنیادی حیثیت رکھتا ہو۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہماری شراکت داری شمولیت کے فروغ کی جانب ایک قدم ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ خواتین کی کھیلوں میں سرمایہ کاری کرکے نہ صرف انفرادی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکتی ہے بلکہ نوجوان لڑکیوں کو اپنے خوابوں کی جانب خود اعتمادی اور جذبے کے ساتھ بڑھنے کی ترغیب بھی ملتی ہے۔