لاہور(سپورٹس رپورٹر)انڈین کرکٹ بورڈ اور مودی سرکار کا پاکستان میں سکیورٹی کا جواز اس بار نہیں چلے گا کیونکہ اب کی بار انڈین کرکٹ بورڈ سخت شکنجے میں پھنس چکا ہے۔ انڈین کرکٹ بورڈ کا پاکستان میں آکر نہ کھیلنے کا آئی سی سی کو ممکنہ جواب یہ ہوسکتا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کی بناپر حکومت ٹیم کو پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت نہیں دے رہی، لیکن اس بار انڈین بورڈ کایہ موقف اس کے اپنے گلے کا ہڈی بن سکتاہے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے منظورہ کردہ ماسٹر سکیورٹی پلان کی قبولیت کے بعد اب بی سی سی آئی اور انڈین حکومت کے پاس ٹیم پاکستان نہ بھجوانے کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز باقی نہیں ہے۔ اس موقف پر انڈیا کو آئی سی سی بورڈ ممبران کی مخالفت اور تنقید کا سامناکرنا پڑسکتا ہے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی مشاورت سے ایک ماسٹرسکیورٹی پلان تیار کرکے آئی سی سی اور ٹرافی میں شریک تمام ممبر ممالک کو بھیجا تھا۔ اس ماسٹر سکیورٹی پلان کا ڈرافٹ 10 اکتوبر کو بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی بھیجا گیا تھا۔بعد ازاں 21 اکتوبر تک آئی سی سی بورڈ اجلاس میں بھارت سمیت کسی ممبر ملک کی جانب سے اس پر کوئی اعتراض نہیں کیاگیا، پھر یہ ماسٹر سکیورٹی پلان آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں پیش کیا گیا تھا جسے سب نے قبول کر کے اس پر اسٹمپ لگائی تھی۔حیران کن طور پر اجلاس میں موجود انڈین حکام نے بھی سیکیورٹی پلان پر انگلی نہیں اٹھائی تھی۔