لاہور(نامہ نگار)آئی جی جیل خانہ جات کے آفس میں تعینات اہلکار پراسرار طور پر چھت سے نیچے گر کر جاں بحق ہوگیاہے۔ آئی جی جیل خانہ جات کے آفس کی چھت پر سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات 35سالہ اہلکار کانسٹیبل غلام عباس نیچے گرنے سے ہلاک ہوگیا ہے۔پولیس کے مطابق کانسٹیبل غلام عباس کیمپ جیل کی چھت پر ڈیوٹی پر مامور تھا۔ دوران ڈیوٹی غلام عباس چھت سے گر کر شدید زخمی ہوگیا۔زخمی کانسٹیبل غلام عباس کو طبی امداد کیلئے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا،مگر وہ جانبر نہ ہوسکا اور اس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑدیا ہے۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔