،پنجاب حکومت نے کسانوں کے لئے خزانوں کے منہ کھول دیئے

Nov 18, 2024 | 13:45

پاکستان میں آسمان کو چھوتی   پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے  وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر زرعی شعبے میں خودکفالت اور کسانوں کی آمدنی میں بہتری کے لیے ''پنجاب میں آبپاش زراعت کی پیداوار بڑھانے کے منصوبے کے تحت پیاز اور ٹماٹر کی کاشت اور پیداوار کو فروغ دینے کے لیے 3 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس کا مقصد کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، تربیت اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ا س ضمن میں 25 ایکڑ تک کے پیاز اور ٹماٹر کے کاشتکاروں کو یکجا کر کے ''فارمر انٹر پرائز گروپس ''بنائے جائیں گے۔ فارمر گروپس کو بہتر منافع کیلئے اچھے خریدار،برآمد کنندگان،پراسیسرز اور انٹرنیشنل مارکیٹ سے منسلک کیا جائے گا۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ اس منصوبہ کا مقصد پیاز اور ٹماٹر جیسی اہم فصلوں کی کاشت اورپیداوار کو بڑھانا ہے جو کہ غذائی ضروریات کو پورا کرنے اور کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری کے لیے نہایت ضروری ہے۔اس منصوبہ کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات کے تحت کسانوں کو جدید مشینری اور زرعی آلات سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔اس منصوبہ کے تحت پہلے مرحلہ میں پیاز اور ٹماٹر کے کاشتکاروں کو اسپریئرز، پرونرز، پلانٹرز، گریڈرز، ڈرائیرز، پلپنگ یونٹس اور پروسیسرز جیسے جدید زرعی آلات70 فیصد سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔ پیاز کی کاشت کے لیے منتخب علاقے لودھراں، ملتان اور وہاڑی ہیں جبکہ ٹماٹر کی کاشت کے لیے خوشاب، ساہیوال اور مظفر گڑھ کے اضلاع منتخب کئے گئے ہیں تاکہ کسان اپنی مخصوص علاقائی ضروریات کے مطابق جدید سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔اس منصوبہ سے مستفید ہونے کیلئے متعلقہ علاقوں کے کاشتکار شعبہ اصلاح آبپاشی کے ضلعی دفاتر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ مزید رہنمائی اور معلومات کی فراہمی کے لیے کاشتکار بروز سوموار تا ہفتہ ضبح 8بجے سے رات 8 بجے تک ہیلپ لائن کے نمبر17000 -0800 پر کال کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں