استحکام آتے ہی دشمن جلائو گھیرائو کی فضا پیدا کر دیتے ہیں: عون چوہدری 

 لاہور(آئی ا ین پی )استحکام پاکستان پارٹی  کے رہنما عون چودھری نے کہا  پی ٹی آئی  کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے واضح پیغام دیا کہ سیاسی و معاشی استحکام آتے ہی ملک دشمن عناصر جلا ئوگھیرائو کی فضا پیدا کردیتے ہیں، ملک میں آگ لگا کر سیاسی تحریکیں نہیں چلائی جاتیں،حکومت پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے، کے پی کے غیور عوام ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں۔  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئیعون چودھری  نے  کہا کہ ہمیں اپنی آزاد ریاست کی اہمیت کو جاننا ہے، ایسے کونسے ملک دشمن عناصر ہیں جو جلائو ،گھیرا ئوکی فضا پیدا کرتے ہیں؟، ہمیں ان ممالک کو دیکھنا ہے جو آزاد ریاستیں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد ریاست اللہ کی ایک نعمت ہے، ایک جماعت اعلان کرتی ہے فلاں تاریخ کو اسلام آباد پر حملہ کریں گے، حقیقی آزادی کیلئے نکلنا ہے، آپ کی حقیقی آزادی ایک شخص پر منحصر ہے، آپ اپنے ملک میں قانون کو دیکھیں۔عون چودھری نے کہا کہ کچھ لوگ مدینہ کی ریاست کی بات کیا کرتے تھے انہوں نے بدتہذیبی ،بدمعاشی کے کلچر کو فروغ دیا ہے، اپنے بچوں کو سڑکوں پر لانے سے کیا حقیقی آزادی ملے گی؟، ہم اپنے بچوں کو استعمال نہیں ہونے دیں گے۔رہنما استحکام پاکستان پارٹی کاکہنا تھا کہ ڈیجیٹل دہشتگردی پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے، بیرون ملک بیٹھ کر افواج پاکستان کے خلاف مہم چلاتے ہیں، یہ بیرون ملک بیٹھ کر فلسطین یا کشمیر کیلئے مہم کیوں نہیں چلاتے۔انہوں نے کہا کہ کیا آپ 9مئی والا واقعہ دوبارہ دہرانا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام اب آپ کے جھوٹے نعروں میں نہیں آئیں گے، سیاسی موومنٹ یلغار،حملہ یا آگ لگانے سے نہیں چلتیں، آپ کے اندر جو سانپ ہیں وہ ملک دشمن ہیں۔عون چودھری نے کہا کہ ہم بھی تبدیلی کی جدوجہد میں شامل تھے مگر تبدیلی کا نعرہ عثمان بزدار اور فرح گوگی پر ختم ہوا، ہماری جدوجہد عثمان بزدار یا فرح گوگی کیلئے نہیں تھی، پی ٹی آئی دور کرپشن کی تاریخی داستانیں رقم ہوئیں جو پہلے کبھی نہیں سنیں۔انہوں نے کہاکہ کیا اخلاقیات کے فرائض پورے کیے جارہے ہیں؟ میڈیا پر ہر کسی کی بے عزتی کی جاتی ہے، عوام کے آگے جھوٹے حقائق پیش کرتے ہیں، کیا ہمیں اللہ کو جواب نہیں دینا، کیا ہمیں اپنی موت یاد نہیں آتی ؟ ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کا سوچنا ہے پھر اپنی ذات کا سوچنا ہے، ملک ہے تو ہم بحیثیت پاکستانی آزاد ریاست میں سانس لے رہے ہیں، ہمیں اپنی آزاد ریاست کی اہمیت کوجاننا ہے، آزاد ریاست اللہ بہت بڑی نعمت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا پی ٹی آئی سے اصولی اختلاف ہے، آپ کو ٹاسک ملا ہے کہ ملک میں آگ لگانی ہے، آپ انشااللہ 24نومبر کو مایوس ہوں گے، آپ کے مشیر سب سے بڑے سانپ ہیں ،ان کو کچلیں، یہ وہی مشیر ہیں جو کہتے تھے لٹا دیں گے، جلادیں گے، گھیرا ئوکریں گے۔عون چودھری نے مزید کہا کہ آپ ہم سے آکر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات لانے والی بات کریں، آپ ہر تیسرے دن کہتے ہیں اسلام آباد پر یلغار کرنے آرہے ہیں، آپ پاکستان کے دوست نہیں بلکہ دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ دعوے سے کہتا ہوں کہ پنجاب حکومت نے عوام کو سہولت دینے کیلئے بہت سارے پراجیکٹس کے اعلانات کیے ہیں ، اگر پنجاب حکومت یہ اقدامات کردیتی ہے تو بہت بڑا گیم چینجر ہوگا، جلسہ رکھنے سے اگر عوام کو کچھ ملنا ہے تو ہم بھی رکھ لیتے ہیں، جلسہ ،جلوس تو انتخابات اور سیاسی فضا کیلئے ہوتا ہے۔ عون چوہدری نے سابق خاتون اول بشری بی بی کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ پردے کے پیچھے بیٹھ کر آپ پر حکم فرما رہے ہیں کہ جو رکن اسمبلی اتنے لوگ لے کر حملہ آور نہیں ہوگا، وہ اس جماعت میں نہیں رہے گا، آپ اپنے ہی ملک میں انارکی پھیلانے کے لیے ایک دوسرے پر حکم چلا رہے ہیں، آپ سب سے پہلے اپنے بچوں کو آگے لے کر آئیں پھر خیبرپختونخوا کے غیور عوام کے بچوں کو آگے لائیں۔

ای پیپر دی نیشن