نوجوان خود کو ڈیجیٹل دنیا اور مصنوعی ذہانت سے روشناس کرائیں،خالد مقبول صدیقی

اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ )وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، خالد مقبول صدیقی نے کہاہے کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے، تعلیم نہ صرف وقت کی ضرورت بلکہ ہمارے دین کا پہلا حکم بھی ہے، اگر ہم نے اپنے آپ کو موجودہ د ور کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں کیا اور خودکو بدلنے کی کوشش نہیں کی تو باہر کے لوگ ہمیں اپنی مرضی سے تبدیل کردیں گے۔اِن خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی کراچی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سندھ چیپٹر کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جن میں ا چھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا، یہ بات قابل ذکر ہے کہ گریجویٹ طلبہ میں زیادہ تعداد طالبات کی تھیں۔وفاقی وریز تعلیم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ خود کو ڈیجیٹل دنیا اور مصنوعی ذہانت سے روشناس کرائیں، زمانے کی رفتار سے قدم ملا کرچلیں تاکہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کرسکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ صوبہ سندھ میں یونیورسٹی کے 10علاقائی کیمپسز ہیں جن میں تقریبا44ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سے آج تک کم و بیش 50لاکھ طلبہ گریجویٹ ہوچکے ہیں، ہم بڑے یقین سے کہتے ہیں کہ پاکستان کا کوئی گھر ایسا نہیں جس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا طالب علم یا گریجویٹ نہ ہو۔ڈاکٹر ناصر کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا تعلیمی دائرہ اب پاکستان تک محدود نہیں ہے بلکہ دنیا کے 36ملکوں سے انٹرنیشنل طلبہ  پاکستان کی اس بڑی جامعہ سے تعلیم حاصل رہے ہیں۔ڈاکٹر ناصر محمود نے گریجویٹ ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ یونیورسٹی آپ کی ہے اور آپ ہمارا فخر ہیں، آئیے اس ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔

ای پیپر دی نیشن