محسن نقوی سے نیدر لینڈز کی سفیر کی ملاقات‘ اگلے برس کرکٹ سیریز کرانے پر اتفاق

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے نیدرلینڈ کی سفیر ہینی ڈی وریس نے اتوار کو ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان کرکٹ کو فروغ دینے پر بھی بات چیت کی گئی۔ پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان اگلے برس  کرکٹ سیریز کرانے پر اتفاق ہوا۔ نیدرلینڈ کا کرکٹ کے فروغ کیلئے پی سی بی سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سفیر نیدرلینڈ نے بتایا کہ نیدرلینڈ کی کرکٹ ٹیم اگلے برس پاکستان کا دورہ کرے گی اور اے ٹیم کے ساتھ میچ کھیلے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے پائیدار بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ نیدرلینڈ میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پورا سپورٹ کریں گے۔ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے جامع پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں چیک پوسٹ پر حملے ناکام بنانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 7 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ وطن کے امن کی خاطر  جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوان  قوم کے ہیرو ہیں۔

ای پیپر دی نیشن