غزہ، تل ابیب (این این آئی) اسرائیل نے شمالی غزہ اور لبنان پر حملے کرتے ہوئے مزید 96 افراد کو شہید اور درجنوں کو زخمی کر دیا۔ شمالی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید 37 فلسطینی شہید ہوگئے، پناہ گزین الشاطئی کیمپ پر بھی بمباری کی گئی جہاں درجنوں فلسطینیوں کے شہید ہونے اطلاعات سامنے آر ہی ہیں۔اس کے علاوہ جنوبی غزہ اور خان یونس میں ایک ہفتے سے ایندھن کی قلت کا سامنا ہے جبکہ 12 لاکھ فلسطینی پانی سے بھی محروم ہیں اور کئی بنیادی سروسز معطل ہوگئی ہیں۔دوسری جانب لبنان میں بھی اسرائیلی فوج کے فضائی حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں 24 گھنٹوں میں 59 افراد شہید اور 182 زخمی ہوگئے۔ادھر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی جانب سے لبنان کے شہری دفاع کے مرکز پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی گئی ہے جہاں حملے میں طبی عملے کے 12 کارکن شہید ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے پناہ گزین کیمپوں اور سکولوں کی عمارات پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غزہ میں شاتی کے علاقے میں ایک سکول پر بمباری کی ہے۔ سکول کی عمارت میں بے گھر فلسطینی خاندانوں نے اپنے بچوں کے ساتھ پناہ لے رکھی تھی۔طبی عملے مطابق شاتی پناہ گزین کیمپ پر بمباری کے نتیجے میں 10 فلسطینی جاں بحق اور 20 متعدد زخمی ہو گئے۔ بمباری کی زد میں آنے والوں میں بچے اور فلسطینی عورتیں بھی شامل ہیں۔حکام نے بتایاکہ ابو عاسی سکول پر بمباری کے بعد ملبہ ہٹانے اور ریسکیو کی کارروائی ابھی جاری تھی ۔ اس لیے ہو سکتا ہے کہ کیمپ کے ملبے سے مزید لاشوں اور زخمیوں کی اطلاع سامنے آئے۔اسرائیلی فوج نے سکول میں قائم پناہ گزین کیمپ پرابھی اپنے کسی تبصرے یا جواز کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے۔نکشون رجمنٹ (90)، کفیر بریگیڈ کا ایک اہلکار غزہ کے شمال میں لڑائی میں ہلاک ہو گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز کہا کہ نکشون رجمنٹ (90)، کفیر بریگیڈ کا ایک اہلکار ہفتے کے روز غزہ کے شمال میں لڑائی میں ہلاک ہو گیا۔شمالی اسرائیل کے علاقے قیساریا میں وزیر اظعم بن یامین نیتن یاہو کی رہائش گاہ کے صحن میں دو فلیش بم گرنے کے واقعے نے ملک کے سکیورٹی اداروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ اتوار کے روز سلامتی سے متعلق اسرائیلی اداروں نے ہفتے کو ہونے والے چاند ماری حملے میں ملوث ہونے کے شبہے میں تین افراد کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ واقعے کے مضمرات سے متعلق تفصیلات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اٹلی نے مسلسل جنگ اور محاصرے کی زد میں رہنے والے بے گھر فلسطینی شہریوں کے لیے مزید 15 ٹن سے زائد پر مشتمل امدادی سامان بھیج دیا ہے۔ سی 130 جے طیارہ اٹلی کے مرکزی شہر پیسا سے اٹلی کے قومی چیریٹی کے ایک ادارے کی طرف سے امدادی سامان لے کر اڑا ہے۔اس موقع پر اٹلی کے وزیر دفاع نے بات کرتے ہوئے کہا اٹلی نے غزہ کے جنگ متاثرہ شہریوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور یہ سلسلہ ہر ممکنہ صورت میں جاری رہے گا تاکہ جنگ زدہ فلسطینیوں کے مصائب اور مشکلات میں کچھ کمی کی جا سکے۔
غزہ ، لبنان اسرائیلی بمباری سے سکول میں پناہ لیے خاندان سمیت افراد شہید
Nov 18, 2024