مریدکے (نامہ نگار) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مریدکے کے سامنے آج جی ٹی روڈ آدھ گھنٹہ تک بلاک رہی۔ روڈ اسلام پورہ کے مقتول درزی محمد افضل کے لواحقین نے ٹائر جلا کر بلاک کی۔ عینی شاہدین کے مطابق دوپہر تقریباً ڈھائی بجے بڑی تعداد میں متاثرہ مرد و خواتین نے مقتول کے قاتل کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے روڈ بلاک کی۔ تھانہ صدر مریدکے میں درج ایف آئی آر کے مطابق دو دن پہلے ملزم محمد اعظم نے مبینہ طور پر نامعلوم ساتھی کے ہمراہ محمد افضل کی دکان میں گھس کر فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر چار سالہ ایان جو اپنی والدہ کے ہمراہ سلائی شدہ کپڑے لینے وہاں آیا تھا، پہلو میں گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا اور درزی افضل کو بھی گولی لگی اور زخمی ہو گیا۔ نازک حالت میں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جو بعد میں جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے مقتولین کے لواحقین کو دو دن میں ملزم کی گرفتاری کی یقین دہانی کرا کے روڈ کھلوایا۔
مریدکے: درزی کے قاتل نہ پکڑنے پر لواحقین کا روڈ بلاک کر کے احتجاج
Nov 18, 2024