اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت )وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے موجودہ دور میں خواتین کی ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ تک رسائی بہت ضروری ہے،ڈیجیٹل ڈیوائسز اور انٹرنیٹ کی فراہمی سے خواتین کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے، حکومت ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمہ کے لیئے پر عزم ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق وہ قطر میں منعقدہ کانفرنس بعنوان 'ڈیجیٹلائزیشن اینڈ وومن ان پولیٹیکس' سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے موبائل فون اور انفارمیشن و کمیونیکیشنز ٹیکنالوجی(آئی سی ٹی ) کے استعمال میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لیئے اقدامات کر رہے ہیں، خواتین کی سیاست میں آنے کے لیئے سماجی، معاشی رکاوٹیں ہیں، ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنا کر مرکزی سیاسی دھارے میں لایا جا سکتا ہے، خواتین کی ڈیجیٹل اکانومی تک رسائی کے لیئے جینڈر ڈیجیٹل ڈیوائیڈ پالیسی پر کام کر رہے ہیں، وزیراعظم فری لیپ ٹاپ سکیم ڈیجیٹل ٹولز کی رسائی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، سمارٹ فون فار آل پالیسی پر کام جاری ہے۔
خواتین کی ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ تک رسائی ضروری ہے،شزہ فاطمہ خواجہ
Nov 18, 2024