حسن ابدال (نمائندہ نوائے وقت) باباگورو نانک کے 555ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔ بھارت سے آنے والے 2500 سے زائد یاتریوں نے بھی تقریبات میں شرکت کی۔ تقریبات میں بھارت سے آئے سکھ یاتریوں نے دونوں ممالک کی عوام میں محبت اور امن کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بابا گورو نانک دیو جی کی جنم دن کی تقریبات میں 2500 سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں سمیت ہزاروں ملکی و غیر ملکی یاتریوں نے مکمل آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔ بھارت سے آئے یاتریوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے خصوصی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتطامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ یاتریوں کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان امن کو فروغ دیتے ہوئے ویزوں کی پابندی کو نرم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں کی قید نے ہمیں ایک دوسرے سے جدا کر دیا ہے مگر عوام کے دل ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہمیں پاکستان میں جو محبت اور پیار ملا ہے وہ ہمیں ہمیشہ یاد رہے گا۔ اٹک پولیس کی جانب سے سکھ یاتریوں کی حفاظت کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔