یہ بات آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے جی ایچ کیو میں سینٹ اور قومی اسمبلی کی دفاعی قائمہ کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئی کہی ۔ اجلاس میں تینوں قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان،آرمی چیف،ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں فوجی حکام کی جانب سے سیکیورٹی سے متعلق اہم معاملات پر بریفنگ دی گئی ۔ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل اشفاق ندیم نے خصوصی طور پر سیکیورٹی امور پر بریفنگ دی۔ ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی نے پاک افغان سرحد کے حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی اور دفاعی بجٹ سے متعلق مختلف معاملات جبکہ نورستان اور کنڑمیں دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور افغانستان میں پاکستان مخالف دہشتگردوں کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔بریفنگ کے دوران فوجی حکام کا کہنا تھا کہ تمام فیصلے ملکی اور قومی مفادات پر کئے جائیں گےجبکہ قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔فوجی آپریشنز سے متعلق تمام فیصلے پارلیمنٹ کے تحت کئے جائیں گے۔ اجلاس میں بریفنگ، جوابات دینے اور شکوک و شبہات دور کرنے پر اراکین پارلیمنٹ نے آرمی چیف اور دیگر فوجی حکام کا شکریہ ادا کیا ۔