سڈنی (اے پی پی)آسٹریلیا کی وزیر اعظم جولیا گیلارڈ کی جانب سے بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو سول ایوارڈ "آرڈر آف آسٹریلیا" دیئے جانے کے اعلان پر آسٹریلوی میڈیا نے منفی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ آسٹریلوی وزیر اعظم نے سچن ٹنڈولکر کو کرکٹ کی خدمات پر آرڈر آف آسٹریلیا دینے کا اعلان کیا تھا لیکن آسٹریلوی میڈیا نے اسے سافٹ ڈپلومیسی قرار دیا ہے اور اعلان پر سخت تنقید کی ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق سچن ٹنڈولکر بھارت میں ممتاز حیثیت ضرور رکھتے ہیں لیکن انہوں نے بھارت آسٹریلیا روابط میں منفی کردار ادا کیا ہے لہذا انہیں ایوارڈ دینے کا فیصلہ درست نہیں، آسٹریلوی میڈیا نے 2008 کے سڈنی ٹیسٹ میں ٹنڈولکر کے منفی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی بیٹسمین نے ہربھجن سنگھ کو بچانے کے لئے غلط بیانی کی اور سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔