اسلام آباد (خبرنگار/ نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر پانی و بجلی چودھری احمد مختار نے کہا ہے کہ بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے سرکاری محکموں کی بجلی کاٹ دی جائے، اگر عام صارف کی بجلی عدم ادائیگی بل پر منقطع کی جاتی ہے تو بل ادا نہ کرنے والے سرکاری محکموں کی بھی بجلی منقطع ہونی چاہئے۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں نادہندگان سے وصولیوں کے لئے انتظامی اور قانونی اقدامات اٹھائیں اور بجلی کے بلوں کی سو فیصد وصولیوں کے اہداف کو یقینی بنایا جائے۔ بدھ کو وزارت پانی و بجلی میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں شہری اور دیہی علاقوں میں بجلی کی طلب میں کمی کی بناءپر دستیاب فاضل بجلی صنعتی شعبہ کی طرف منتقل کی جائے تاکہ صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔ مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے بھی شرکت کی جس میں وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ملک بھر کی تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان نے اپنی کمپنیوں کی کارکردگی، بجلی کی طلب اور ترسیل، بجلی کے بلوں کی وصولیوں، نادہندگان کے کنکشن منقطع کرنے اور نئے میٹروں کی تنصیب سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری کابینہ و پانی و بجلی نرگس سیٹھی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی سیکرٹری نرگس سیٹھی نے اجلاس کو بتایا کہ ڈسکوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نادہندگان سے وصولیوں کے لئے انتظامی اور قانونی اقدامات کریں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں بجلی کی کل پیداوار 10ہزار 740میگاواٹ ہے جس میں ہائیڈرو سے 4ہزار 250، جنوز سے ایک ہزار 250اور بجلی پیدا کرنے والے نجی ادارے (آئی پی پیز) سے 5ہزار 240میگاواٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ڈسکوز کی کارکردگی کی پڑتال اور عوامی شکایات کے ازالے کے لئے وزارت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا نااہل اہلکاروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائیگی۔ وڈیو کانفرنس کے ذریعے بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کے سربراہان سے روزانہ معلومات لی جائیگی۔