”ملالہ پر حملے کا مقصد جہالت کا راج قائم کرنا ہے“: کرزئی کا اسفندیار کو خط

Oct 18, 2012

پشاور (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) افغان صدر حامد کرزئی نے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفندیار ولی خان کو خط لکھا جس میں انہوں نے م¶قف اختیار کیا کہ افغانستان ملالہ یوسف زئی پر حملے کے دکھ کو پوری طرح محسوس کر رہا ہے۔ افغان صدر نے لکھا کہ ملالہ پر حملہ تمام افغان بچیوں پر حملہ ہے۔ حملے کا مقصد بچیوں کی تعلیم کا راستہ روکنا اور جہالت کا راج قائم کرنا ہے۔ حملہ اسلام اور انسان دشمنوں کی ایک بھیانک سازش ہے۔ حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ حملے کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو خاموش نہیں ہونا چاہئے۔ ملالہ پر مذموم حملہ نہ صرف اخلاقی اقدار کی پامالی ہے بلکہ افغان روایات کے بھی خلاف ہے کیونکہ پختون معاشرے میں خواتین پر ہاتھ اٹھانے کی کوئی گنجائش نہیں، اس حملے سے اس امر کی بھی تصدیق ہو گئی ہے کہ دونوں اطراف کے لوگوں کو ایک نہایت خطرناک دشمن کا سامنا ہے کیونکہ افغانستان میں بھی شرپسند عناصر بچیوں کے سکولوں کو نشانہ بناتے ہیں اور ان کی تعلیم میں رخنہ ڈالتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جہالت کے آلہ کاروں اور تاریکی کے علمبرداروں کے خلاف فوری اور عملی اقدامات ہونے چاہئیں۔

مزیدخبریں