لاہور (نمائندہ سپورٹس/ سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کی طرف سے فنڈز کے حصول کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ قومی ہاکی کھلاڑیوں کی طرف سے بیرون ملک ”لیگ ہاکی“ میں شرکت کی طرف رجحان کے فروغ نے پی ایچ ایف کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول نے وزیراعظم میاں نوازشریف سے خصوصی فنڈز کے حصول کے لئے سیاسی دوستوں سے بھی مدد لینے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلہ میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔ ن لیگ کے دیگر اہم رہنماﺅں کونوازشریف کو قائل کرنے کے لئے رابطہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لئے سالانہ خصوصی گرانٹ کی سمری بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزارت اور وزیراعظم ہاﺅس کے درمیان فٹبال بنی ہوئی ہے اور اس پر کوئی بھی حتمی فیصلہ کہیں ہو پا رہا۔ اختر رسول سمری کی منظوری کے لئے وزیراعظم سے ملاقات کی کئی کوششیں بھی کر چکے ہیں تاہم ابھی تک وہ میاں نوازشریف سے ملاقات میں کامیاب نہیں ہوسکے۔