قائداعظم ٹرافی کا دوسرا مرحلہ آج شروع ہوگا

Oct 18, 2014

کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سالانہ کلینڈر کے اہم ترین پروگرام قائداعظم ٹرافی گولڈ اور سلور چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ معمولی ترمیم کے ساتھ آج ہفتہ 18اکتوبرسے شروع ہوگا۔ قائداعظم ٹرافی گولڈ چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کراچی ڈولفنز اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کی ٹیموں کے درمیان میچ مزار قائد پر پی پی کے جلسہ کی وجہ سے ایک دن تاخیر سے 19 اکتوبر سے کھیلاجائے گا‘ جبکہ باقی میچز اپنے پروگرام کے مطابق ہونگے۔
اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراﺅنڈ میں اسلام آباد لیپرڈز کا مقابلہ یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ سے ہوگا۔ راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں راولپنڈی ریمز کا سامنا نیشنل بینک آف پاکستان سے ہوگا۔ ملتان سٹیڈیم میں ملتان ٹائیگرز اور پورٹ قاسم اتھارٹی کی ٹیموں صف آراءہوں گی۔ ارباب سٹیڈیم پشاور میں پشاور پینتھرز اور پاکستان واپڈا کی ٹیموں کے مابین معرکہ ہوگا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں لاہور لائنز اور زرعی ترقیاتی بینک کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ قائداعظم ٹرافی سلور چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راﺅنڈ میں بھی آج سے چھ میچز کا آغاز ہوگا۔ گروپ ون میں این بی پی سٹیڈیم کراچی میں کراچی زیبراز کا مقابلہ پاکستان ٹیلی ویژن کی ٹیم سے ہوگا۔ نیاز سٹیڈیم حیدر آباد میں حیدر آباد ہاکس کو پی آئی اے کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراﺅنڈ راولپنڈی میں کوئٹہ بیئرز اور خان ریسرچ لیبارٹریز کی ٹیمیں ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گی۔ گروپ ٹو میں ایبٹ آباد میں ایبٹ آباد فیلکنز اور حبیب بینک میں جوڑ پڑے گا۔ بہاولپور میں بہاولپور سٹیگز اور سٹیٹ بینک ایک دوسرے کیخلاف جوہر آزمائیں گے۔ فیصل آباد میں فیصل آباد وولفز کا مقابلہ سوئی سدرن گیس سے ہوگا۔ قائداعظم ٹرافی گولڈ چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں یونائیٹڈ بینک اور واپڈا کی ٹیمیں ایک، ایک میچ جیت کر دس، دس پوائنٹس پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ پورٹ قاسم اتھارٹی اور سوئی سدرن گیس کی ٹیمیں ایک، ایک کامیابی اور چھ، چھ پوائنٹس لے کر تیسری اور چوتھی پوزیشن پر ہیں۔ اسلام آباد لیپرڈز اور پشاور پینتھرز کی ٹیمیں پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر تین، تین پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔ کراوی ڈولفنز، لاہور لائنز، ملتان ٹائیگرز اور راولپنڈی ریمز کو ابتدائی میچ میں شکست کا گھاﺅ سہنا پڑا تھا۔ نیشنل بینک اور زرعی ترقیاتی بینک کا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ قائداعظم ٹرافی سلور چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں گروپ ون اور ٹو کی ٹیموں نے ایک، ایک میچ کھیلا ہے جس میں حیدر آباد ہاکس اور پی آئی اے کی ٹیمیں ایک، ایک میچ جیت کر دس، دس پوائنٹس پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ کے آر ایل کی ٹیم چھ پوائنٹس لے کر تیسری پوزیشن پر ہے۔ گروپ ٹو میں حبیب بینک، سٹیٹ بینک اور سوئی سدرن گیس کی ٹیمیں پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر تین، تین پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

مزیدخبریں