کراچی، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کیخلاف قتل کی دھمکی کی درخواست درخشاں تھانہ کراچی میں جمع کرادی۔ عمران اسماعیل نے درخواست میں کہا ہے کہ دانیال عزیز نے ٹی وی پروگرام میں مجھے کہا ”تمہارا وقت پورا ہوگیا“ دانیال عزیز نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور کہا کہ تمہاری زبان کاٹ دوں گا۔ دانیال عزیز کی باتوں سے خود کو غیر محفوظ سمجھ رہا ہوں۔ دانیال عزیز کا اقدام قابل دست اندازی پولیس ہے، قانونی کارروائی کی جائے۔ دانیال عزیز کو سخت سزا ملنی چاہئے۔ پولیس حکام کے مطابق درخواست قانونی رائے کیلئے لیگل برانچ کو بھجوا دی ہے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم کسی کی دھمکیوں میں آنے والے نہیں۔ حکومت کی دھاندلی بے نقاب کی جائے تو دھمکیوں پر آجاتے ہیں۔ مقدمہ درج نہ کیا گیا تو عدالت جاﺅں گا۔ دانیال عزیز نے براہ راست مجھے دھمکی دی، مجھے زبان کاٹنے اور جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے واضح کیا ہے کہ الزام تراشی کے معاملہ پر متعلقہ لیگی رہنماءکے خلاف متعلقہ صوبائی ادارے کی جانب سے بھی مقدمہ دائر کرنے کی تیاری ہو رہی ہے۔ انہیں باضابطہ طور پر نوٹس بھجوایا گیا ہے، کوئی غلط بیانی کرے تو اس کا کیا بگاڑ سکتے ہیں، ہتک عزت کا اب عدالت میں مقدمہ دائر ہو گا۔ گزشتہ روز دورہ نتھیا گلی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کے دوران پرویز خٹک نے کہاکہ اگر کوئی جھوٹ بولے تو ہم کیا کرسکتے۔
عمران اسماعیل/ درخواست