لاہور (نامہ نگار) سبزہ زار کے علاقہ میں بجلی کے بل کے جھگڑے پر بیٹے نے ماں سے جھگڑا کرکے خودکشی کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سبزہ زار کے رہائشی 25 سالہ نوجوان شاہد کا بجلی کا بل زیادہ آنے پر والدہ سے جھگڑا ہوگیا۔ جس پر شاہد نے خود کوگھر کے کمرے میں بند کرکے پنکھے سے رسی لٹکا کر اس سے گلے میں پھندا لے کر خودکشی کرلی۔ شاہد کی گزشتہ سال شادی ہوئی تھی اور وہ ایک بچے کا باپ تھا۔ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرادی ہے۔ منچن آباد سے نامہ نگار کے مطابق نوجوان نے گھریلو جھگڑے پر دلبرداشتہ ہوکر اپنے سر میں گولی مار کر زندگی ختم کرلی۔ شادمان کے علاقہ میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ٹریننگ حاصل کرنے والی لیڈی ڈاکٹر پراسرار طور پر ہاسٹل میں زہریلی گولیاں کھانے سے موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہوگئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لیڈی ڈاکٹر (الف) پنجاب انسٹیٹیوٹ کارڈیالوجی میں ٹریننگ حاصل کررہی ہے اور ہاسٹل میں رہائش پذیر تھی۔ گزشتہ روز پراسرار طور پر زہریلی گولیاں کھانے سے حالت غیر ہونے پر اسے طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کے مطابق لیڈی ڈاکٹر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
2خود کشیاں: بجلی کے بل پر ماں سے جھگڑ کر نوجوان نے جان دیدی
Oct 18, 2016