لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان آرمی کے زیر اہتمام پہلے انٹرنیشنل پیسز مقابلے آج سے ایوب سٹیڈیم لاہور میں شروع ہونگے۔ مقابلوں میں شرکت کے لئے 14 ممالک کے فوجی جوانوں پر مشتمل دستے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، مقابلوں کے شاندار انعقاد سے پاکستان کا سوفٹ امیج دنیا بھر میں جائے گا اور پاکستان میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کی واپسی میں بھی مدد ملے گی۔ اس بات کا اعلان ڈائریکٹر آئی ایس پی آر کے بریگیڈئر انوار احمد اور ڈائریکٹر پیسز بریگیڈئر محمد یوسف بیگ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے تمام ممالک کو ان مقابلوں میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی جن کے ساتھ ہماری ٹریننگ شیئر ہے۔ اب تک تقریباً تمام ممالک جنہوں نے شرکت کے لئے رجسٹریشن کرائی تھی کے 200 سے زائد نوجوان پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ بریگیڈئر انوار احمد کا کہنا تھا کہ ان ممالک کے مشکور ہیں جنہوں نے اپنے جوانوں کو مقابلوں میں شرکت کے لئے بھجوایا ہے۔ پاکستان میں یہ سسٹم 2010ءسے متعارف کرایا جا چکا تھا جس کے بہترین نتائج مل رہے ہیں۔ پاکستان کے تین لاکھ 50 ہزار جوانوں اس سسٹم سے گزر چکے ہیں جس سے ان کی فزیکل فٹنس کے معیار میں بہتری آئی ہے۔ اس موقع پر بریگیڈئر محمد یوسف بیگ کا کہنا تھا کہ فزیکل فٹنس کی 9 چیمپیئن شپ پاکستان میں کرا چکے ہیں، کئی ممالک نے ہمارے اس فزیکل فٹنس کے پروگرام کو اپنے ٹریننگ پروگرامز میں شامل کر لیا ہے۔ ہمارے نوجوان مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے تیار ہیں تاہم شریک ممالک کے جوان بھی پوری تیاری کے ساتھ آئے ہیں۔ 6 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ ڈائریکٹر آئی ایس پی آر بریگیڈئر انوار احمد کا کہنا تھا کہ پش آپس، سٹ اپس، چن اپس اور کمبیٹ کے مقابلے تین مختلف وینوز میں ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مقابلوں میں عوامی دلچسپی بڑھانے کے لئے اختتامی روز ایک منی میراتھن بھی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے دورہ انگلینڈ سے قبل ایبٹ آباد میں منعقد ہونے والے بوٹ کیمپ میں تربیت حاصل کی تھی جس کے اسے اچھے نتائج حاصل ہوئے تھے۔
پاکستان آرمی کے زیراہتمام : انٹرنیشنل پیسز مقابلے آج سے شروع‘ 14 ممالک کے فوجی دستے شرکت کرینگے
Oct 18, 2016