سندھ ہائیکورٹ کا ڈاکٹر عاصم و دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت سے انکار

Oct 18, 2016

کراچی (صباح نیوز) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ڈاکٹر عاصم اور دیگر ملزموں کی درخواست ضمانت سننے سے انکار کر دیا۔دہشت گردوں کا علاج کرنے اور پناہ دینے کے مقدمے میں گرفتار ڈاکٹر عاصم حسین ، انیس قائم خانی ، روف صدیقی اور عثمان معظم کی درخواست ضمانت کی سماعت جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ میں ہونی تھی لیکن جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے سماعت سے انکار کر دیا کہ وہ مقدمے میں ملزمان کا ریمانڈ دے چکے ہیں اور ڈاکٹر عاصم اور دیگر ملزموں کی درخواست ضمانت پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں اس لئے ان درخواستوں کی سماعت مناسب نہیں ۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے درخواستوں کو واپس چیف جسٹس کو بھجوا دیا تاکہ سماعت کے لئے نیا بینچ تشکیل دیا جا سکے ۔ قبل ازیں ڈاکٹر عاصم کے وکیل لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو بحیثیت منتظم جج اس کیس کو سن چکے ہیں، جس پر عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت سے انکار کردیا۔ سماعت کے بعد ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ عدلیہ سے درخواست ہے ڈاکٹر عاصم کی درخواست ضمانت کی سماعت جلد ممکن بنائے۔

مزیدخبریں