لندن (این این آئی + اے ایف پی) امریکہ اور برطانیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر شام کے شہر حلب پر بمباری بند نہ کی گئی تو روس اور شام پر نئی پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں۔ لندن میں تقریب کے دوران امریکی اور برطانوی وزیرخارجہ نے کہا کہ شام کے مسئلے کا حل صرف اور صرف سیاسی ہے‘ شام کے شہر حلب میں معصوم شہریوں کا قتل عام دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑا انسانی المیہ ہے۔ ایران نے کہا ہے کیری کا بیان جس میں پابندیوں کی بات کی ہے‘ مسترد کرتے ہیں۔ نائب وزیرخارجہ عباس آراقچی نے کہا ہمیں حیرانی ہوئی ہے۔ ادھر باغیوں کے زیرقبضہ شہر حلب میں بمباری سے ایک ہی خاندان کے 14 افراد مارے گئے۔ 2 بچوں کی عمر 6‘ 6 ہفتے جبکہ 6 کی عمریں 8 برس یا کم ہیں۔ ریسکیو ٹیم وائٹ ہیلمٹس کے ارکان نے بتایا روسی طیاروں نے المرجاہ قصبے کو نشانہ بنایا۔ آبزرویٹری کے مطابق رویجل گائوئے پر حملے میں بھی 23 ہلاکتیں ہوئی ہیں جو بڑھنے کا خدشہ ہے۔ فوج کے حملے میں 7 باغی ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ القرر ترجی میں روسی طیاروں کے فضائی حملے میں 17 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں 5 بچے شامل ہیں۔ ترکی کے حمایت یافتہ باغیوں نے داعش سے 9 علاقے واگزار کرا لئے ہیں۔ ترک فوج کے مطابق ’’دابق‘‘ پر قبضہ سے راکٹ حملوںکا خدشہ ختم ہو گیا۔ اردگان کے ترجمان نے کہا داعش کے خلاف سٹرٹیجک اور علامتی فتح ہے۔