لاہور، دبئی (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔ پاکستان نے 400 واں ٹیسٹ میچ جیتنے کے ساتھ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ دبئی میں کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے کامیابی کیلئے ویسٹ انڈیز کو 346 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 289 پر آؤٹ ہوگئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے ڈی ایم براوو نے ناقابل شکست 116 رنز بنائے‘ جانسن نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین ‘یاسر شاہ اور محمد نواز نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں اظہر علی کے شاندار ٹرپل سنچری ‘سمیع اسلم 90‘ اسد شفیق 67 اور بابر اعظم کے 69 رنز کی بدولت 579 رنز بنائے جبکہ مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 357 رنز بناسکی۔ ویسٹ انڈین ٹیم کی پہلی اننگز میں براوو 87‘ سیموئیل 76 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ کامیاب ترین باؤلر رہے انہوں نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جبکہ دوسری اننگز میں بشو کی تباہ کن باؤلنگ کی وجہ سے پاکستان کی پوری ٹیم 123رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے ڈی ایم براوو نے 116رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جانسن 47 اور کپتان ہولڈر 40 رنز بناسکے۔ اظہر علی کو شاندار ٹرپل سنچری پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان کی کامیابی پر وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف نے ٹیم کو مبارکباد دی۔ کھلاڑیوں کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اظہر علی کی ٹرپل سنچری اور یاسر شاہ کی بہترین کارکردگی کی بدولت پاکستان کو کامیابی ملی۔ امید ہے قومی کرکٹ ٹیم کامیابی کا سفر جاری رکھے گی۔
کرکٹ میچنمائندہ سپورٹس کے مطابق دونوں ٹیموں کا فلڈ لائٹس میں گلابی گیند کیساتھ یہ پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔ کھیل کے آخری روز ویسٹ انڈین بلے بازوں کے مزاحمتی کھیل نے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوا اور یہی اس کھیل کی خوبصورتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا اسکا کریڈٹ انکو جاتا ہے۔ شکست کھانیوالی ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ دوسری اننگز میں دیوندرا بشو کی عمدہ باولنگ کے باعث میچ میں واپس آئے لیکن بد قسمت بھی رہے۔ اظہر علی نے کہا ہے کہ ٹرپل سنچری سے بہت لطف اندوز ہوا ہوں تاہم بہتر بات یہ ہے کہ انفرادی طور پر اچھی کارکردگی کے ساتھ ساتھ ٹیم کو کامیابی بھی ملی۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 21 اکتوبر سے شروع ہو گا۔