رحیم یار خان: 2 بسوں میں خوفناک تصادم‘ ایک خاندان کے 7 افراد سمیت 30 جاں بحق‘ 57 سے زائد زخمی

خان پور/ رحیم یار خان (نمائندہ نوائے وقت + بیورو رپورٹ + ایجنسیاں) رحیم یار خان کی نواحی تحصیل خانپور کے قصبے سہجہ میں دو مسافر بسوں کے تصادم میں کم سے کم 30 افراد جاں بحق اور 57 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 7 مزدور بھی شامل ہیں۔ رحیم یار خان پولیس کے ترجمان ارشد نواز نے بتایا حادثے کی وجہ دھریجہ پھاٹک کے قریب ایک خطرناک موڑ اور بس ڈرائیوروں کی تیز رفتاری تھی جب ایک بس دوسری گاڑی کو اوورٹیک کرتے ہوئے سامنے سے آنے والی بس سے ٹکرا گئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق کئی زخمی بروقت طبی سہولتیں نہ ملنے کی وجہ سے بھی لقمہ اجل بنے کیونکہ زخمیوں کو رحیم یار خان منتقل کرنے کیلئے بھی ایمبولینس اوچ شریف، لیاقت پور اور رحیم یار خان سے منگوانا پڑیں۔ زخمیوں کو رحیم یار خان اور خان پور کے ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے بتایا جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین، بچے اور طالب علم بھی شامل ہیں۔ حادثہ اتنا شدید تھا ریسیکیو آپریشن کے دوران بسوں کو کاٹ کر لوگوں کو نکالا گیا۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق خان پور میں تاریخ کے خوفناک ٹریفک حادثہ سے پورا شہر سوگ میں ڈوب گیا، خبر ملتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ اس سنگین حادثہ کے سوگ میں شہر خان پور کے بازار بند ہوگئے شہری ایک دوسرے سے اظہار افسوس کرتے رہے۔ شہر بھر کی تمام مساجد میں شہدائے حادثہ کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ کمشنر بہاول پور کیپٹن ثاقب ظفر نے بھی حادثے کی جگہ کا معائنہ کیا اور زخمیوں کی عیاد ت کی۔ رحیم یار خان سے بیورو رپورٹ کے مطابق خانپور کے قصبے سہجہ میں قیامت صغریٰ برپا ہو گئی۔ حادثے کی آواز آتے ہی قریبی دیہاتوں کے سینکڑوں لوگ جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ جبکہ ہسپتالوں میں بڑی تعداد میں شہری خون دینے کیلئے بھی پہنچ گئے۔ حادثے کی مکمل انکوائری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کمشنر بہاولپور کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کر دی ہے جو آج رحیم یار خان پہنچ کر دو دن میں اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کرے گی۔ بعض علاقہ مکین گھروں سے زخمیوں کیلئے دودھ اور پانی بڑی تعداد میں لے کر جائے حادثہ پر پہنچے۔ معلوم ہوا ہے بعض دیہاتیوں نے اپنی قمیصیں اور بنیانیں اتار کر زخمیوں کی مرہم پٹی کی تاکہ خون کا بہائو فوری طور پر روکا جا سکے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق صدرمملکت ممنون حسین، وزیراعظم محمد نوازشریف، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، وزیر داخلہ چوہدری نثار سمیت سیاسی وسماجی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کی اور پسماندگان سے اظہار ہمدردی کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد دی جائے۔ جاں بحق ہونے والے 26افراد کی شناخت ہوگئی۔ ان میں وقاص اسلم چک 29/P، حسن محمود خان پور، غلام مرتضیٰ ڈرائیور اے سی کوچ،اللہ وسائی احمد پور شرقیہ،مرید حسین رکن پور،محمد حفیظ رحیم یار خان،احمد رضا رحیم یار خان، محمد الیاس سرگودھا، محمد اقبال احمد پور شرقیہ،مشتاق احمد خان پور،شعیب نوری آباد،محمد ایوب احمد پور شرقیہ،خالد محمود رحیم یار خان،ستارہ بی بی بہاول پور، امداد اللہ میانوالی قریشیاں،طیبہ بی بی میانوالی قریشیاں، عبدالقادر رحیم یار خان، ظہور احمد خان پور، احسان الحق احمد پور، محمد علیم صادق دنیا پور،شجاع عمار زاہد خان پور،ممتاز علی لیاقت پور، سجاد احمد شامل ہیں 3افراد کی شناخت کے لیے نادرا سے رجوع کیا جار ہا ہے 3افراد کی نعشیں مقامی افراد موقع سے لے گئے جبکہ دیگر 4افراد رحیم یار خان جاکر جاں بحق ہوئے زخمیوں میں محمد اکبر چوک بہادر پور، عبدالمالک احمد پور، شمیم رحیم یار خان،زاہد اقبال فیروزہ، محمد محرم خان پور،حجاب زہرہ آباد پور،عبدالرحمن خان پور،محمد اکرم خان پور، قدیر احمد احمد پور، نصیر احمد فیصل آباد، عبدالقیوم چک 129/P،عارف محمود فیروزہ،عدیل اسلم باغ و بہار، عثمان شبیر خان پور،فقیر محمد جیٹھہ بھٹہ،نذیر احمد احمد پور، دلدار احمد رحیم یار خان، ذیشان احمدخان پور، محمد رمضان جلال پور پیر والا، محمدارشاد جلال پور پیر والا، محمد احتشام کہروڑپکا، زاہدغریب آباد خان پور،محمد بخش طاہر والی،عبدالجبار بہاولپور،مشہود بہاولپور، تاج احمد احمد پور شرقیہ، شمیم بی بی احمد پور شرقیہ، صغراں بی بی منٹھار، عشرت منٹھار، محمد تنویر جیٹھہ بھٹہ، ساجد احمدپور، سعید احمد، سیف الرحمٰن خان پور، ثنا ء احمد پور شرقیہ،محمد طارق بہاولپور، امیر خاتون رحیم یار خان، محمد ابرار نور پور، حبیب الرحمن شیخ واہن،بشیر احمد خان پور، محمد جہانگیر خان پور، محمدارشد رحیم یار خانAC کوچ کا سیکنڈ ڈرائیور، محمد فیصل خان پور، محمد جہانگیر سرگودھا، بشیر احمد خان پور شامل ہیں۔بس حادثہ میں سوار 2بچے جوکہ گوجرانوالہ سے اپنی والدہ کے ہمراہ اپنے نانا کے گھر سہجہ آرہے تھے ان کو خراش تک نہ آئی جبکہ بچوںکی والدہ جاں بحق ہوگئی۔ دونوں بچے 7سالہ سونیا اور 8سالہ ماجد علی معجزانہ طور پربچ گئے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...