کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے قائد ملت خان لیاقت علی خان کی ملک و ملت کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح اور قائد ملت لیاقت علی خان کے بعد پاکستانی قوم کی سب سے زیادہ محبتیں سمیٹنے کا اعزاز میاں محمد نوازشریف کے حصے میں آیا‘ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں میاں محمد نوازشریف کا راستہ روکنا پاکستان کی کسی سیاسی قوت کے بس کی بات نہیں‘ چوتھی بار وزارت عظمیٰ کا منصب عوام کے وزیراعظم کا منتظر ہے وہ مسلم لیگ (ن) ہائوس گلشن جمال میں قائد ملت لیاقت علی خان کی 66 ویں برسی کے موقع پر اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سردار اسلم گبول‘ سلطان بہادر خان‘ علی عاشق گجر‘ غلام مصطفی ایڈووکیٹ‘ اقبال خاکسار‘ غلام حیدر ڈولی‘ رانا شاہد‘ رانا ریاض‘ رائو اسلم‘ رانا عارف‘ حاجی طیب زرگان‘ عبدالحق قریشی‘ فردوس خان‘ ابرار شاہ جدون‘ رانا جمیل‘ فصیح الرحمن‘ بخت رحمن‘ راجہ افراسیاب‘ ظہیر عباسی‘ فضل خان‘ روبینہ شاہین‘ شہناز اختر‘ عروسہ چوہدری‘ خدیجہ بیگم کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ علی اکبر گجر نے کہاکہ قائد ملت لیاقت علی خان کی ملک و قوم کیلئے قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہرا باب ہیں جب تک دنیا قائم ہے قائد ملت کا نام پاکستان کی آزادی کی تحریک کے ساتھ ساتھ یاد رکھا جائے گا۔