خطے میں استحکام کیلئے تعمیری کردار چاہیے، پاکستان افغانستان صورتحال مزید بہتر بنائیں: برطانوی نمائندہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+سٹاف رپورٹر) مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے برطانوی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان‘ افغانستان اوون جینکن نے ہائی کمشنر تھامس ڈریو کے ہمراہ ملاقات کی۔ جینکن نے کہا خطے میں سکیورٹی صورتحال‘ امن واستحکام کیلئے پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔ دونوں ممالک موجودہ مثبت صورتحال کو مزید بہتر بنائیں۔ برطانیہ خطے میں امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ ناصر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان موجودہ صورتحال کو مثبت انداز سے دیکھتا ہے۔آرمی چیف کے دورہ افغانستان سے امن عمل آگے بڑھنے میں مدد ملی۔ افغانستان اور امریکی حکومت کا اعتماد درکار ہے۔ الزام تراشیوں سے ایک دوسرے کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے‘ یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان بھرپور تعاون کرے گا۔ افغان مسئلے کا حل جنگ نہیں مسئلے کا حل وہاں کے لوگوں کے مسائل اور مشکلات کا خاتمہ ہے‘ سب کو افغان مسئلے کا حل سیاسی طور پر نکالنے کے لئے اکٹھا ہونا ہوگا۔بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان پیش رفت پر اطمینان کااظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے حالیہ دورہ افغانستان کے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے دروازے کھلے ہیں اور نئی راہیں ہموار کی ہیں۔ انہوں نے افغان صدر اشرف غنی کی خدمات کو بھی سراہا۔ ہمارا مستقبل افغانستان سے جڑا ہوا ہے۔ جنجوعہ نے زور دیا کہ افغانستان اور پاکستان سیاسی‘ سفارتی، ملٹری اور سراغ رسانی سمیت ہر سطح پر تعلقات میں بہتری لائیں۔

ای پیپر دی نیشن