اسلام آباد (مسعود ماجد سید؍ خبر نگار) اسٹیبلشمینٹ ڈویژن میں فرائض انجام دینے والے گریڈ ایک سے لے کر 22 تک کے ملازمین و افسران کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے دوگنا اضافہ کر نے کی سمری وزیراعظم کو ارسال کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ سیکرٹری انچارج اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میاں حیا الدین نے ملازمین و افسران کا مہنگائی میں خیال کرتے ہوئے ازخود ان کی تنخواہوں کو دوگنا کرنے کی سمری گذشتہ دنوں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو ارسال کردی ہے جس کی توقع ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جلد منظوری دے دیں گے اور سمری آئندہ چند روز میں منظوری کے بعد واپس اسٹیبلشمنٹ ڈویژن آجائے گی۔ اس قدم سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں فرائض انجام دینے والے کوئی چار سو افسران و ملازمین کو مالی فائدہ پہنچے گا۔