اگلا الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی ، پہلےنیب، ایف بی آر کو ٹھیک کریں گے: عمران

مالاکنڈ (آئی این پی+صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ طاقتور اور کمزور کےلئے الگ قانون سے قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، پنجاب اور سندھ میں 6,6باریاں لینے والے پولیس کیوں نہ ٹھیک کر سکے، ایک سال دھرنے اور دوسرا پانامہ میں نکل گیا، دو سال کے تجربے سے کہتا ہوں ملک بہت جلد ٹھیک ہو سکتا ہے، گورننس اور میرٹ کمزور ہو تو ملک تباہ ہو جاتا ہے۔ عمران خان نے مالاکنڈ یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورننس اور لیڈر شپ ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ ان کو سمجھنا ضروری ہے۔ پاکستان ایشیاءمیں سب سے زیادہ ترقی کر رہا تھا۔ پی آئی اے 330ارب روپے کا نقصان کر رہی ہے، جب گورننس ٹھیک نہ ہو تو ادارے تباہ ہو جاتے ہیں، ملک تب تباہ ہو تا ہے جب ملک کے ادارے تباہ ہو جاتے ہیں، ملک کا سربراہ پکڑے جانے پر یہ نہیں کہتا کہ مجھے کیوں نکالا، طاقتور اور کمزور کےلئے الگ قانون سے قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، سوئٹزرلینڈ کا گورننس سسٹم بہترین ہے، یہاں ایک ملزم چالیس گاڑیوں کے پروٹوکول پر احتساب عدالت میں آتا ہے۔ ادارے میرٹ کا نظام لائیں تو ملک آگے نکل جاتا ہے، اوپر جانے والے معاشرے میں انصاف اور میرٹ کا نظام اچھا ہوتا ہے۔ مغرب میں جمہوریت آگے بڑھی اور یہاں بادشاہت، بادشاہت میں رشتوں کی وجہ سے لوگ اوپر جاتے ہیں۔ سارے اداروں کو ٹھیک کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ خیبر پی کے حکومت کا ایک سال دھرنے میں ایک سال پانامہ میں نکل گیا ۔ تجربے سے کہتا ہوں سارا ملک بہت جلد ٹھیک ہو سکتا ہے، پاکستان میں کبھی حقیقی جمہوریت نہیں آئی۔ آئی جی سندھ نے کہا خیبرپی کے جیسا پولیس نظام چاہیے، پنجاب اور سندھ میں باریاں لینے والے پولیس ٹھیک نہیں کر سکے۔ خیبرپی کے کی پولیس میں سیاسی مداخلت ختم کی۔ پاکستان میں ایک دن کی کرپشن12ارب روپے ہے، اگلا الیکشن تحریک انصاف جیتے گی، کے پی کے میں جرائم 70فیصد کم ہوئے ہیں، پاکستان آج قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے،پی ٹی آئی اقتدار میں آ کر پہلے نیب اور ایف بی آر کو ٹھیک کرے گی، نیب کو بڑے بڑے سیاستدانوں پر ہاتھ ڈالنے کےلئے ٹھیک کریں گے، پاکستان میں تین نظام تعلیم ہیں امیر کےلئے الگ اور غریب کےلئے الگ، مجھے پانامہ کیس سے پیچھے ہٹنے کےلئے 10 ارب کی آفر کی گئی، بانی ایم کیو ایم کے کہنے پر 12مئی کو 50لوگوں کو قتل کیا گیا۔ آصف زرداری، فریال تالپور نے ایک ارب روپے کا مجھ پر ہرجانہ کیا۔ آصف زرداری کا ہرجانے کا دعویٰ قیامت کی نشانی ہے جو خود کو مظلوم ظاہر کرتا ہے وہ ہارا ہوا انسان ہوتا ہے۔عمران خان نے کہا 2007ءمیں الطاف حسین کے حکم پر کراچی میں لوگوں کو گولیاں ماری گئیں۔ اس وقت الطاف حسین سے لوگ ڈرتے تھے آج اس کو کوئی سیریس نہیں لیتا، جو ڈرتا ہے وہ پیچھے رہ جاتا ہے، سارے پیغمبر اپنے وقت کے سٹیٹس کو اور ظالم کے خلاف کھڑے ہوئے تھے، پیغمبروں کا راستہ مشکل راستہ ہے، آسان راستہ تباہی کا راستہ ہے، لیڈر بنتا ہی جدوجہد سے ہے۔

ای پیپر دی نیشن